اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری کی میڈیا بریفنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سائرہ افضل تارڑاورخرم دستگیر نے مشترکہ نیوزکانفرنس کی۔
لیگی رہنماؤں نے نیب کو مطلوب وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو ایک سو بیس دن نیب کے عقوبت خانے میں رکھنا چاہیے، پھر کسی اور کے استعفیٰ کا مطالبہ کریں۔ نوازشریف کی صحت کے معاملے پرڈرامہ رچایا جارہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کا برسرِاقتدار آنا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دھوکہ ہے۔ عمران خان نے سہانے خواب دکھا کر تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ صحت کا انصاف اور (ن) لیگ کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کی کوئی چیزمختلف دکھائیں۔
نواز شریف نے دوائیوں کی پندرہ فیصد قیمتیں بڑھانے کی سمری مسترد کی تھی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت کا اخلاقی، انتظامی اور معاشی دیوالیہ پن سب کے سامنے آگیا ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی شرہ نمو کی 4 فیصد کے قریب رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
جنوری میں پچھلے ساڑھے چار سال کی سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح رہی۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سی پیک کے حوالے سے موجودہ حکومت کے رویے سے ہمارے دوست، عوام پریشان ہیں۔ آج دوست ممالک سے جو مل رہا ہے وہ سب قرضے ہیں جو اگلے سال ادا کرنے ہیں۔