اسلام آباد:
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی جب کہ کے الیکٹرک کے لئے بجلی کی قیمت میں 60 پیسے فی یونٹ اضافے پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی نے سینٹرل پاور پرچیز اتھارٹی اور کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں رد و بدل کی درخواستوں کی سماعت کی۔
سی سی پی اے کی جانب سے کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ نومبر میں 6 ارب83 کروڑ یونٹ بجلی صارفین کو فروخت کی گئی، جس پر مجموعی فیول لاگت 25 ارب 33 کروڑ روپے رہی، تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ 8 ارب 90 کروڑروپے جب کہ دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافے کی وجہ سے 15 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے اور اوسط پیداواری لاگت 3 روپے70 پیسے فی یونٹ رہی ہے۔ اس لئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 60 پیسے کمی کی جائے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست منظور کرلی۔
چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے عوام کو مجموعی طور پر 24 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا تاہم اس کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
دوسری جانب نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 60 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔