لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیوزی لینڈ پہنچتے ہی سیر سپاٹے، تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ٹیم بلڈنگ واک میں بھی حصہ لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو نئے سال کے آغاز میں ہی نیوزی لینڈ کیخلاف ایک روزہ اور ٹی20 سیریز کے چیلنج کا سامنا ہے، کیویز کو اسی کے دیس میں زیر کرنے کا عزم لیے گرین شرٹس سرفراز احمد کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں موجود ہیں اور میزبان سائیڈ کیخلاف 5 ایک روزہ میچزکی سیریز کے پہلے میچ میں 6جنوری کو ایکشن میں دکھائی دینگے۔
سیریز کی تیاریوں سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روزنیلسن شہر کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور ٹیم بلڈنگ واک میں بھی حصہ لیا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت تمام دوسرے کوچزبھی ہمراہ تھے،اس موقع پر کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ سمیت تمام کھلاڑی خوش دکھائی دیے اور انھوں نے تاریخی مقامات کی جی بھر کے سیرکرنے کے ساتھ تصاویر بھی بنائیں۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریزکی تیاریوں کیلیے اتوار سے باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کریگی۔
ابتدائی مرحلے میں پلیئرز کو مخصوص جسمانی وزرشیں کروانے کے بعد فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس بھی کرائی جائیگی، قومی ٹیم دورے کی شروعات منگل کی شب شیڈول ون ڈے پریکٹس میچ سے کریگی، جس میں ان کا سامنا نیوزی لینڈ الیون سے ہوگا، یہ مقابلہ نیلسن کے سیکسٹون اوول گراؤنڈ پر شیڈول کیاگیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک میں شیڈول پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا افتتاحی ٹاکرا 6 جنوری کو ویلنگٹن کے بیسن ریزرو گراؤنڈ پر ہوگا۔
9 جنوری کو شیڈول دوسرے ایک روزہ میچ کی میزبانی نیلسن کریگا، تیسرے مقابلے کیلیے دونوں ٹیمیں ڈونیڈن میں پڑاؤ ڈالیں گے، جہاں 13 جنوری کو یونیورسٹی اوول پر ٹاکرا ہوگا، چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل ہیملٹن کے سیڈون پارک پر شیڈول کیاگیا ہے، پانچویں اور اختتامی میچ کیلیے دونوں ٹیمیں 19 جنوری کو ایک بار پھر ویلنگٹن میں مدمقابل آئیں گی، اسی مقام پر ٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ 22 جنوری کو شیڈول کیاگیا ہے، 25 جنوری کو مختصر فارمیٹ کا دوسرا مقابلہ آکلینڈ میں منعقد ہوگا جبکہ 28 جنوری کو گرین شرٹس اپنا اختتامی مقابلہ ماؤنٹ مینگوئنی میں کھیلیں گے