اسلام آباد:
صدر مملکت ممنون حسین نے نیب کے پلی بارگین اختیارات کے خاتمے کا نیب آرڈیننس 2017 جاری کردیا جب کہ صدارتی آرڈیننس کو ایکٹ آف پارلیمنٹ بنانے کے لیے 9 جنوری کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے پلی بارگین اختیارات کے خاتمے کا نیب آرڈیننس 2017 جارکردیا جب کہ صدارتی آرڈیننس کوایکٹ آف پارلیمنٹ بنانے کیلیے 9 جنوری کوسینیٹ میں پیش کیاجائے گا اور آرڈیننس کواحتساب قانون سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا جو قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائے گا۔
نیب آرڈیننس 2017 کے تحت چیرمین نیب کا پلی بارگین کا صوابدیدی اختیار ختم کردیا گیا جب کہ پلی بارگین کی منظوری عدالت دے سکے گی اور پلی بارگین کرنے والاعوامی عہدے کے لیے تاحیات نااہل قرار پائے گا۔
واضح رہے سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی 2 ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرنے کے بعد نیب کو حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ ان پر 40 ارب روپے کی کرپشن کا الزام تھا تاہم حکومت کی قانونی کمیٹی نے شق 25 اے میں ترامیم سے متعلق وزیراعظم نوازشریف سے کرپشن میں ملوث سرکاری عہدیداروں پر تاحیات پابندی کی سفارش کی جس کو انہوں نے منظور کرلیا۔