نیب کروڑ بار تفتیش کرے، چین میں جھوٹی کمپنی بلیک لسٹ ہوئی، پاکستان میں کون کرے گا،شہبا زشریف

نیب کروڑ بار تفتیش کرے، چین میں جھوٹی کمپنی بلیک لسٹ ہوئی، پاکستان میں کون کرے گا،شہبا زشریف
لاہور (بی ایل ٰآئی ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاستدان ،جج ، جرنیل ، تاجر سمیت سب ملکر پاکستان کو مضبوط بنائینگے اور پاکستان کے وجود کو دشمنوں سے تسلیم کرانا ہے، کرپشن کا الزام غلط اور بے بنیاد ثابت ہوگیا ، نیب کروڑ بار تفتیش کرے ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا ، پہلی بار وفاق کے منصوبے پنجاب نے اپنی جیب سے مکمل کئے ، کسی سے ایک دھیلہ نہیں لیا ، چین میں جھوٹی کمپنی بلیک لسٹ ہوئی ، نجی چینل اور ایس ای سی پی کا گٹھ جوڑ غلط ثابت ہوا ، پاکستان میں کون کرے گا ، میری میڈیا سے گزار ش ہے کہ وہ الزام تراشی نہ کرے بلکہ احتساب کرے اور نیک نیتی سے خامیاں سامنے لائے، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کروڑوں خرچ کررہے ہیں ، لاہور کے شہریوں کو آرسینک سے پاک صاف پانی مل رہا ہے ، تعاون کرنے پر جاپان کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارماڈل ٹائون میں جاپان کے ادارے جائیکا کے تعاون سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے لاہور میں105ٹیوب ویلوں کی تبدیلی کے منصوبے کی تکمیل پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے جائیکاکے تعاون سے صوبائی دارالحکومت میں 105؍ پرانے اور خراب ٹیوب ویلوں تبدیل کرنے کا منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو آرسینک سے پاک صاف پانی مل رہا ہے۔ 18ماہ کی مدت میں مکمل ہونے والے اس منصوبے پر 2؍ ارب 30؍ کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں اور اس تعاون پر ہم جاپان کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں ترکی کی معاونت بھی حاصل کر رہے ہیں، وہ وقت قریب ہے جب پاکستان کے ہرشہری کے گھر میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور، راولپنڈی ۔ اسلام آباد اورملتان میں اپنے وسائل سے میٹروبسوں کے منصوبے لگائے ہیں۔ راولپنڈی میٹروبس کے منصوبے پر 42ارب روپے جبکہ ملتان میٹروبس پر 20ارب روپے پنجاب حکومت نے اپنی جیب سے لگائے ہیں۔دوسری جانب کے پی کی حکومت نے میٹرو بس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے ملتان میٹرو بس کے منصوبے سے ایک ارب 75؍ کروڑ روپے چین میں اپنے اکاؤنٹ میں بھجوائے ہیں لیکن مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور جھوٹا ثابت ہوا ۔ ایک نیوز چینل اے آر وائی نے اس الزام کی تصدیق کیے بغیر میرے خلاف پروپیگنڈا کیا۔ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جن افسران نے غلط معلومات دیں ان کا بھی احتساب ہوگا۔ اس الزام کے پیچھے پی ٹی آئی کے لوگ بھی شامل تھے ۔چینی کمپنی کے بلیک لسٹ ہونے سے پاکستان کے عوام کی عزت بڑھی ہے اور مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ اے آر وائی کا بے بنیاد اورجھوٹا الزام غلط ثابت ہوااور ایس ای سی پی نے جو معلومات اے آر وائی کو دی تھیں وہ بھی غلط ثابت ہوئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 9؍ برسوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں غریب عوام کے500؍ ارب روپے بچائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے کرپشن پر 12؍ لاکھ کرپٹ لوگوں کو جیل بھجوایا ہے اگر خدانخواستہ مجھ پر لگایاگیا الزام درست ہوتا تو کیا وہ مجھے معاف کرتے ۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب شوق سے ملتان میٹرو منصوبے کی تحقیقات کرے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، جھوٹے الزامات لگانے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا، ان پر کرپشن کا الزام غلط اور بے بنیاد ثابت ہوگیا، غلط الزام لگانے والوں کو کون بلیک لسٹ کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ 70سالہ تاریخ میں پہلی بار وفاق کے منصوبے پنجاب مکمل کر رہا ہے، کسی سے ایک دھیلہ نہیں لیا، منصوبے اپنی جیب سے مکمل کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی منصوبے پر حکومت کر وڑ و ں روپے خرچ کر رہی ہے، جاپان کی گرانٹ سے پنجاب میں 105ٹیوب ویلز لگائے گئے ہیں، فیصل آباد میں 13؍ ارب روپے سے صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں نئے اسپتال بنائے جارہے ہیں، چیف جسٹس نے اسپتال کا دورہ کیا تو یہ خوش آئند بات ہے۔
About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.