پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کےلئے صرف نریندر مودی کا ہی نہیں عامر خان ، کپیل دیو ، سنیل گواسکر سمیت کئی نامور شخصیات کا نام زیر غور ہے ۔
جیو نیوز سے گفتگو میں پی ٹی آئی ترجمان نے تصدیق کی کہ ان کی جماعت نے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ سے بات کی ہےجس کے جواب کے منتظر ہیں جبکہ نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب 11 اگست کو متوقع ہے۔
دفتر خارجہ سے پی ٹی آئی کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا گیا تھا کہ چین، ترکی اور بھارت سمیت سارک ممالک کے سربراہان کو حلف برداری میں بلانا چاہتے ہیں جس پر دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو مدعو نہ کیا گیا تو بھارت سارک کے دیگر ممالک کو بھی شرکت نہیں کرنے دے گا۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارتی وزیراعظم کو مدعو کیا گیا تو انکار کی صورت میں پاکستان کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گاجبکہ مشاورتی عمل میں سارک ممالک کو مدعو نہ کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عالمی شخصیات کو مدعو کرنے کے لئے شیریں مزاری اور شفقت محمود کا سیکریٹری خارجہ سے مشاورتی عمل شروع ہوچکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کے ساتھ ادب و احترام کا تعلق ہے،ان سے ملاقات روٹین کی تھی ،اس دوران چیف جسٹس نے انہیں رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے پر مبارک باد دی ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار سے ان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی ،وہ میرے استاد ، سینئر وکیل رہے ہیں،ہمارے درمیان احترام کا رشتہ ہے ،اسی حیثیت سے میںان سے ملا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنا چاہتی ہے کیونکہ ہم تمام اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔