نئی تاریخ رقم ہوگئی، سنگاپور میں سعودی سفارتکار کو ہوٹل ملازمہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں کوڑے مارنے کا حکم

سنگاپور(مانیٹرنگ ڈیسک) بیرونی ممالک میں کسی بھی دوسرے ملک کا کوئی سفیر کوئی جرم کرتا ہے تو اسے سفارتی استثنیٰ دے کر رہا کردیا جاتا ہے لیکن سنگا پور نے سعودی عرب کے سفیر کو اس کے جرم کی سزا دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
’دی سٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق 39سالہ سعودی سفارت کار بندر یحییٰ الظہرانی بیجنگ میں تعینات تھے۔ 2016ء میں وہ سنگا پور گئے جہاں انہوں نے ہوٹل کی ایک ملازمہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا جس پر انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا گیا۔الظہرانی نے عدالت میں اپنا جرم قبول کر لیا تھا جس پر گزشتہ روز انہیں 4کوڑے مارنے اور 26ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق الظہرانی اگست 2016ء میں چھٹیاں منانے سنگاپور گئے جہاں ہوٹل کی 20سالہ سنگاپور کی رہائشی ملازمہ کو انہوں نے کمرے میں بلایا۔ کمرے میں آنے پر روایتی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملازمہ نے سفارت کار سے مسکرا کر بات کی اور حال احوال پوچھا جس پر سفارت کار نے اسے دبوچ کر بوس و کنار شروع کر دیا۔ اس پر ملازمہ نے مزاحمت کی اور الظہرانی کے چنگل سے نکل کر کمرے سے باہر بھاگ گئی۔ الظہرانی نے یکم فروری کو ہونے والی سماعت میں اپنا جرم قبول کر لیا تھا جس پر گزشتہ روز عدالت کی طرف سے انہیں کوڑوں اور قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق الظہرانی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.