ممبئی(بی ایل ٰآئی)ہندوستانی فلموں میں اپنے منفرد انداز سے شہرت حاصل کرنے والی بولڈ اداکارہ ودیا بالن کی اگلے مہینے ریلیز ہونے والی نئی فلم ’’تمہاری سولو ‘‘ کا بھارتی فلم بین بڑی شدت کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں جبکہ ودیا بالن نے اپنی اس نئی فلم کی تشہیری مہم بھی شروع کر دی ہے لیکن بھارتی میڈیا میں ودیا بالن ’’تمہاری سولو‘‘ کے حوالے سے نہیں بلکہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں کئے گئے ایک تہلکہ خیز انکشاف کی وجہ سے موضوع بحث بنی ہوئی ہیں ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل’’اے بی پی لائیو‘‘ کے مطابق بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن نے ٹی وی پر چلنے والے نیہا دھوپیا کے معروف شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سگی بہن کی خوشنودی کے لئے اپنی محبت کا گلہ گھونٹ دیا تھا ۔ودیا بالن کا بڑے رومانٹک انداز میں نیہا دھوپیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’آپ کو پتا ہے کہ میں اپنے آپ کو ایک ’’شہید ‘‘ کی طرح محسوس کرتی ہوں ،کیونکہ جیسے ہی مجھے پتا چلا کہ ’’میرا محبوب‘‘ اصل میں مجھے نہیں بلکہ میری بہن کو پسند کرتا ہے اور میری بہن کے ساتھ اس نے اکثر ’’ڈیٹ ‘‘ پر بھی جانا شروع کر دیا ہے تو میں نے سوچا کہ شائد اب میرا محبوب’’میرا دولہا بھائی ‘‘ بن سکتا ہے ،جس پر میں نے اپنی محبت کا گلہ گھونٹنے کا فیصلہ کر لیا ۔واضح رہے کہ ودیا بالن کی وہ ’’محبت ‘‘ اگرچہ نامکمل رہ گئی ہولیکن اسے اب سدھارتھ رائے کپور کی صورت میں سچا پیار کرنے والا مل گیا ہے جس کی وہ اب بیوی ہے ۔
17نومبر کو ہندوستانی سینماؤں کی زینت بننے والی ’’تمہاری سولو ‘‘ کے بارے ودیا بالن کافی پر امید ہیں جبکہ فلم کی کامیابی ایک مرتبہ پھر ودیا کو مین سٹریم میں لا سکتی ہے ، سریش تروینی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ودیا بالن ایک لیٹ نائٹ ریڈیو جاکی کے رول میں ہیں جبکہ ودیا کی باس کے کردار میں نیہا دھوپیاا نظر آئیں گی۔