ٹی این این ٹائی ٹین کی ٹیم200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں195 رنز بناسکی،
کلاسک باربرین کے کا مل محمود کوشاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار پائے
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) اے سی ایم گولڈ میمن سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامل محمود کی شاندار سنچری نے کلاسک باربرین کو ٹائی ٹین کے خلاف 4 رنزسے کامیابی دلوادی۔ایم سی ایم کرکٹ لیگ میں کلاسک باربرین کے کا مل محمود ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلے جانے والے لیگ کی پہلی سنچری بنانے کا بھی اعزازاپنے نام کرلیا۔راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں اے سی ایم گولڈ میمن سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک میچ میں کلاسک باربرین( CLASSIC BARBARIANS ) اورٹی این این ٹائی ٹین (TNN TITANS) کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کلاسک باربرین نے 4 رنزسے فتح سیمٹ لی۔ٹائی ٹین کی ٹیم ہدف سے4 رنز دور رہی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کلاسک باربرین نے مقررہ20 اوورز میں2 وکٹوں کے نقصان پر199 رنز بنائے ،اوپنر کامل محمود نے3 چھکوں اور 13چوکوں کی مدد سے67 گیندوں پر 113رنز کی جارحانہ سنچری داغ دی،ان کے ساتھی اوپنر علی بن طور نے19 رنز بنائے ،عمیر یوسف نے37 بال پر50 رنز کی برق رفتار باری کھیلی جس میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔حمید عالم اور شہز شاہ جانی نے بالترتیب 38اور44 رنز کے عوض ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں ٹی این این ٹائی ٹین کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں6 وکٹوں پر195 رنز بناسکی۔بلال عمر55 رنز33 گیندوں پر اسکور کئے، بلال کی اننگ میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے ،عماد عالم نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے27 گیندوں پر 46رنز اسکور کئے۔یاسر تنویر نے22 گیندوں پر 36رنز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے،یاسر کی اننگ میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔نویدرنگون والا، شاہد نیپال، ادریس امین اور سلمان رفیق ڈوسانی نے ایک ایک کھلاڑی کو پولین کا راستہ دکھایا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی حاجی محمد اشرف نے فاتح ٹیم کلاسک باربرین کے کا مل محمود کوشاندار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا انعام دیا۔اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن عثمان یونس غنی ودیگر بھی موجود تھے۔