مہنگی دگنی، قرضے28ہزار ارب تجاوز کرگئے‘

اسلام آباد( بی ایل آٸی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں مہنگائی کی شرح دگنی ہوگئی،حکومتی اخراجات میں کمی کے بجائے 1ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ن لیگی رہنمائوں نے پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کردیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی  ٹی آئی حکومت میں پٹرول کی قیمت میں 23، ڈیزل 24 اور ایل پی جی کی قیمت میں 8فیصد،بجلی کی قیمت میں 20فیصد اور گیس کی قیمت میں 143فیصد تک اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 9ماہ میں قرضے 28ہزار ارب سے تجاوز کر گئے، مہنگائی دگنی ہو گئی،حکومتی اخراجات میں 1ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ثابت ہوا کہ حکومتی اخراجات میں بھینسیں اور گاڑیاں بیچنے سے کمی نہیں آسکتی ۔

ان کا کہناتھاکہ ملکی تاریخ میں اتنے کم عرصے میں افراط زر میں اتنا اضافہ کبھی نہیں ہوا۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں سچ بولنے کی کوئی عادت نہیں اور ہمیں ان سے سچ کی توقع بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی قیمت خرید پر شدید اثر پڑتا ہے، آج کے اضافے سے پہلے پٹرول کی قیمت ميں 23فیصد اضافہ ہوچکا جبکہ عالمی منڈی میں قیمت وہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں 8 فیصد اضافہ ہوچکا، چینی کی قیمت میں 30فیصد، مٹن میں 10فیصد اضافہ ہوا،مونگ کی دال کی قیمت میں 36فیصد اضافہ ہوگیا۔

شاہد خاقان عباسی نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے اگلے مالی سال میں مہنگائی کی شرح 12فیصد سے بڑھ جائے گی، اس سال حکومتی آمدن میں 400سے 500ارب کا شارٹ فال ہے، حکومت کے ریوینیو وہی ہیں جو پچھلے مالی سال میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے جاری اخراجات بڑھ کر7ہزار ارب روپے تک جا پہنچے ہیں،ایک سال میں قرضے میں 5ہزار ارب کے لگ بھگ اضافہ ہوگا، اگر یہ حکومت 5سال رہی تو یہ قرضے 50 ہزار ارب تک ہوجائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ معاملہ انتہائی تشویشناک ہے، آج ملک میں گروتھ کم ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.