اسلا م آباد ( بی ایل ٰآئی ) ملک بھر میں بارشوں کی وجہ سے موسم میں تبدیلی کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ ہو سکی ملک بھر میں شارٹ فال 3700میگا واٹ ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں2سے16گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تاحال جاری ہے ۔
ملک بھر میں موسم میں تبدیلی بھی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں کوئی مدد نہ کر سکی ہے اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ دوسری جانب ملک کے ڈیموں میں بھی پانی کی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہے اور راول ڈیم میں بھی اپنی گنجائش کے مطابق پانی کا ذخیرہ ہے۔
تربیلا، منگلہ میں بھی پانی کی مقدار بہتر ہے لیکن بجلی کا شارٹ فال تاحال جاری ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ابھی بھی شارٹ فال موجود ہے جس کی بڑی وجہ گردشی قرضہ ہے جو کئی سو ارب سے بھی زائد ہے اگر بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھی تو گردشی قرضہ دو ماہ میں25فیصد سے بھی زائد ہو جائی گا۔
قرضہ پر قابو پانے کے لئے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی اس وقت ملک کو بجلی کی ڈیمانڈ 20467میگاواٹ جبکہ پیداوار21000میگا واٹ ہے اور ملک میں کہی بھی بجلی کا شارٹ فال نہیں ہے اور زیرو لوڈشیڈنگ ہے۔