ملک کی 6 بڑی دینی جماعتوں میں اتحاد پر اتفاق ہو گیا ، تفصیلات طے کرنے کے لیے 6 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم ،دینی و نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ

اسلام آباد (بی ایل ٰآئی) ملک کی 6 بڑی دینی جماعتوں میں اتحاد پر اتفاق ہو گیا ، تفصیلات طے کرنے کے لیے 6  رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ، سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کا اعلان 9 نومبر کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ہیڈ کوارٹر منصورہ لاہور میں کیا جائے گا ، دینی جماعتوں نے حافظ سعید کی نظربندی اور امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دینے کی مذمت کی، پاکستان کے دینی نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

اس امر پر اتفاق اسلام آباد میں سابقہ ’’ متحدہ مجلس عمل‘‘  میں شامل جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں ہوا ہے،  اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر، جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے سربراہ مولاناانس نورانی ، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، لیاقت بلوچ، حافظ حسین احمد ، اکرم خان درانی اور دیگر رہنما شریک ہوئے ۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابقہ متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا ہے اور اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان میں اسلامی اقدار کی سربلندی نظریاتی و اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے دینی قوتیں مشترکہ جدوجہد کریں گی اور اس حوالے سے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گی،اجلاس میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ داخلی و بین الاقوامی چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کے لیے دینی قوتوں کا  اکٹھا ہونا ضرور ی ہے ، مشترکہ جدوجہد کی تفصیلات طے کی جائیں گی ، دینی جماعتوں نے مشاورت کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی  ہے جو   آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں میں باقاعدہ رابطہ اور مشاورت شروع ہو گئی ہے اور ان رابطوں اور مشاورت کا تسلسل برقرار رہے گا ،اسی سلسلے میں 9نومبر کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ہیڈ کوارٹر منصورہ لاہور میں اجلاس ہو گا ، اس مشاورتی اجلاس کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی رہنما اصول اور لائحہ عمل طے کرے گی ، کمیٹی کے اراکین میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، اکرم خان درانی، اویس نورانی، مولانا یوسف شاہ،مولانا امجد  خان، رمضان توقیر ، رانا محمد  شفیق خان  پسروری شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018کے انتخابات بھی ہمارے سامنے ہیں، ملکر کام کرنا ہے حتمی نتیجے پر پہنچنے دیں مشاورت کا عمل جاری ہے اور اسکا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟ فیصلے سامنے آجائیں گے ، ساری دینی قوتیں مشترکہ جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں ، ہمارے درمیان ہم آہنگی ہے ۔اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے حافظ سعید کی نظربندی اور امریکہ کی طرف سے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشتگرد قرار دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیے حافظ سعید کی نظر بندی میں پے در پے توسیع کی جا رہی ہے جس پر ہمیں تشویش ہے۔

About BLI News 3243 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.