لاہور(بی ایل ٰآئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہو رہی ہے جس سے غیر ملکی کرکٹ کو فروغ مل رہا ہے ،پاکستان میں کرکٹ کومزیدبلندیوں پرلے کرجائیں گے، پی ایس ایل تھری کا فائنل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں پی ایس ایل ڈرافٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ پی ایس ایل تھری کی ڈرافٹنگ ایک اعزازہے،چھٹی ٹیم پی ایس ایل تھری میں شامل ہورہی ہے،ملتان سلطانزکوپی ایس ایل تھری میں شرکت پر مبارکباددیتاہوں۔ نجم سیٹھی پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے مالکان کو ایونٹ کا حصہ بننے پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کوششیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈایٹرزمیری پسندیدہ ٹیم تھی،پوری کوشش ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے میچزہوں۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی لائن اَپ پہلے سے بہتر ہے ،پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل 2018 کے سیمی فائنل مقابلے لاہور میں منعقد کرائے جائیں گے جبکہ انہوں نے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کے حوالے سے کہا کہ وہ پی ایس ایل تھری کا فائنل نیشنل سٹیڈیم میں کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا ڈرافٹ لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا جس میں 500 مقامی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں میں سے لیگ کے فرینچائز مالکان نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کے لیے منتخب کیا۔