ملک بھر میں مردم شماری کا شیڈول جاری

کراچی(بی ایل آ ئی)ملک بھر میں 19 سال بعد 15 مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کا شیڈول جاری کردیا گیا، ابتدائی مرحلے میں 147 میں سے 62 اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق 15 مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے، ملک بھر کے 147 میں سے 62 اضلاع میں پہلے اور 85 میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے 8 اضلاع میں پہلے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی جبکہ سندھ کے دیگر 21 اضلاع کی باری دوسرے مرحلے میں آئے گی۔ صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور ، جھنگ، فیصل آباد بہالپور سمیت 15 اضلاع کو پہلے مرحلے میں مکمل کیا جائے گا جبکہ پنجاب کے باقی 19 اضلاع میں مردم شماری دوسرے مرحلے میں کی جائے گی۔ خیبر پختونخوا کے پشاورسمیت 13 اضلاع میں پہلے مرحلے میں مردم شماری ہوگی تاہم 11 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ صوبہ بلوچستان کے کوئٹہ سمیت 15 اضلاع میں پہلے مرحلے میں مردم شماری ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں 17 اضلاع میں کام مکمل کیا جائے گا۔ آزاد جموں کشمیر کے 10 میں سے 5 اضلاع کو پہلے جبکہ بقیہ 5 کو دوسرے مرحلے میں مکمل کیا جائے گا، گلگت بلتستان میں پہلےاوردوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع میں مردم شماری ہوگی، علاوہ ازیں فاٹاکی ایک ایجنسی میں پہلےاور 6 ایجنسیوں میں دوسرےمرحلے میں مردم شماری ہوگی۔ یاد رہے سپریم کورٹ کے احکامات پر حکومت نے رواں سال مارچ میں مردم شماری کروانے کا اعلان کیا تھا جبکہ آرمی چیف نے مردم شماری کے سیکیورٹی پلان کی منظوری دیتے ہوئے 2 لاکھ جوانوں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.