ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ اس موقع پر مساجد ، اہم پارکوں اور کھلی جگہوں پر نمازعید کے اجتماعات ہو رہے ہیں جن میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں آج عیدالفطرپورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہورہے ہیں جب کہ لاکھوں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی جا رہی ہے۔ جس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام شہر میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں ہو رہا ہے، نماز عید صبح 8 بجے مولانا محمد احمد سلیمی کی امامت میں ادا کی جائے گی، میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، مختلف اسلامی ملکوں کے سفارت کار، نگراں صوبائی وزرا، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نماز عید ادا کرے گی۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہداء، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، مینار پاکستان، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہوں گے جن میں خطیب و علماء حضرات عیدالفطر کی فضیلت اہمیت بیان کریں گے اور اس موقع پر وطن عزیز مملکت خدا داد پاکستان کی بقا، سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور قومی وحدت و ملی یکجہتی کے فروغ کے لیے اللہ تعالی کے حضور خصوصی طور پر اجتماعی دعا مانگی جائیں گی۔

اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جہاں پر صدر مملکت ممنون حسین، نگراں وفاقی کابینہ کے بیشتروزرا اسلامی ممالک کے سفراء واہم شخصیات نمازعیداداکریں گی، اس سلسلے میں وفاقی پولیس کاخصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیدیاگیا ہے جبکہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوگا۔

آزاد کشمیر میں بھی آج عیدالفطرمذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، مظفرآباد میں حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی عید گاہ میں عیدالفطرکاسب سے بڑااجتماع منعقد ہوگا جس کے بعد مرکزی عیدگاہ سے’’یکجہتی کشمیرریلی‘‘ بھی نکالی جائے گی، ریلی کی قیادت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرکریں گے۔

عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ حساس اور اہم مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ادھر خیبر پختونخوا میں 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی، ملک بھرکے برعکس غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا میں کئی مقامات پر جمعے کے روز عید الفطر منائی گئی۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.