کوالالمپور،ملائشیا
اسپورٹس جرنلسٹس کی ایشیائی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کے19 ویں کانگرس27 فروری سے3 مارچ تک کوالالمپور میں منعقد ہو گی۔ملائشین اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کانگرس کی میزبانی کرے گی۔اس سلسلے میں ملائشین سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر احمد خواری عیسیٰ نے سپانسرز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگرس میں ایشیا کے25 ممالک سے80 سے زیادہ مندوبین شرکت کریں گے۔وزارت کھیل و یوتھ ملائشیا کی جانب سے کانگرس کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا گیا ہے تاکہ ملائشیا کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہوانے والے اس بین الاقوامی ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔احمد خواری عیسیٰ نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ اس سطح کا ایونٹ وہ منعقد کریں تاہم ایسا اب وزیر کھیل و یوتھ ملائشیا کی جانب سے یقین دہانی کے بعد ممکن ہو رہا ہے۔ انہوں نے سپانسرز 100 پلس، ٹیلی کام ملائشیا،ایم آر سی بی،بیڈمنٹن ایشیا،پرپل لیگ اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کو کانگرس کے انعقاد کے لئے تعاون پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد قاسم کا کہنا تھا کہ ملائشیا میں کانگرس کا انعقاد ایشیائی ممالک کے لئے باعث اعزاز ہے اور انہیں یقین ہے کہ ملائشین سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن اس کانگرس کو یادگار طور پر منعقد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک کے مندوبین کانگرس کے دوران جہاں مختلف بین الاقوامی فیڈریشنز کی کارکردگی سے آگاہی حاصل کریں گے وہیں ایشیا میں سپورٹس جرنلزم کی ترقی و فروغ کے لئے اقدامات کو مربوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جائے گا تاکہ ایشیا سے تعلق رکھنے والے ممالک میں کھیلوں کے مقابلوں کے دوران سپورٹس جرنلسٹس کو انکی پیشہ وارانہ خدمات کی انجام دہی میںآسانی ہو۔