معاشرے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے ہم معاشرے سے دہشت گردی، مختلف کرائم اور برائیوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں محمد نعیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایسٹ سٹی اسکول کے چیئرمین سید محمد نعیم نے کہا ہے کہ معاشرے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے ہم معاشرے سے دہشت گردی، مختلف کرائم اور برائیوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ معاشرے کو علم کے زیور سے آراستہ کر کے ہی معاشرے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ایسٹ سٹی اسکول تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کر رہا ہے۔ وہ 2018 ؁ء سالِ رواں کے دوران کراچی میں اسکولوں کی ابتک ہونے والی سب سے بڑی نتائج و سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا انعقاد لانڈھی نمبر 4لانڈھی تھانہ سے متصل گراؤنڈ میں ہوا جس میں ایسٹ سٹی اسکول کے چاروں کیمپس : ایسٹ سٹی اسکول لانڈھی نمبر 4، ایسٹ سٹی سیگنیچراسکول لانڈھی نمبر 4، ایسٹ سٹی جونیئر اسکول کورنگی نمبر 6 اور ایسٹ سٹی اسکول کیمپس ٹو لانڈھی نمبر 1کے طلباء و طالبات اور والدین کی تقریباً چار ہزار سے زائد تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ایسٹ سٹی اسکول کی چیئر پرسن مسز اقصیٰ نعیم نے افتتاحی کلمات میں اسکول کی تعلیمی کارکردگی پر روشنی ڈالی جبکہ نتائج اور انعامات سے قبل تقریب میں طلباء و طالبات نے پاکستانی ثقافت ، سندھی ، پنجابی، بلوچی، کشمیری، بلتستانی اور اردو ثقافت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ جبکہ پاک افواج و پولیس کے شہداء اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو مختلف ٹیبلو پیش کر کے زبر دست خراجِ تحسین و خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ کمسن طلباء و طالبات نے ریمپ پر کیٹ واک کی جبکہ کرکٹ سونگ ’’سیٹی بجے گی‘‘ پر طلباء و طالبات نے بھر پور پرفار م کیا۔ تقسیمِ انعامات و نتائج میں چاروں کیمپس کے پوزیشن حاصل کرنے والے 120طلباء و طالبات کو اسناد اور شیلڈ دی گئیں ۔ جبکہ دو طالبِ علم عمار بانو اور عبد الباسط کو اسکالر شپ سے نوازا گیا۔ دونوں طلباء کو ٹرافی اور نقد انعامات بھی دیئے گیے۔تقریب کی میزبان مس اقصیٰ حسن کو بہترین کمپیرنگ پر نقد انعام دیا گیا۔ ایسٹ سٹی اسکول کے سرپرستِ اعلیٰ نعیم راجپوت، ممبر بورڈ آف سیکنڈری اسکولز ولید یمنی اور پرائیویٹ اسکولز ایسو سی ایشن کے پرویز ، سینیئر صحافی معین اﷲ شاہ، ایسٹ سٹی اسکول کے روحِ رواں شہر یار اور دانیال نے طلباء و طالبات کو اسناد اور شیلڈ دیں اور اپنے مختصر خیالات کا اظہار بھی کیا۔ قبل ازیں ایسٹ سٹی اسکول کی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور قومی ترانہ سے ہوا۔ تقریب سے لوگوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ کے باہر محضوض ہوتی رہی۔ لوگوں نے ایسٹ سٹی اسکول کی سالانہ تقریب کو کراچی کی مثالی اور منفرد اسکول کی تقریب قرار دیا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.