مطالبات نہ مانے تو27دسمبرکو دمادم مست قلندرہوگا،بلاول بھٹوزرداری

پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھرحکومت سے اپنے مطالبات منظورکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو 27 دسمبر کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا۔

اتوار کوبلاول ہائوس لاہورمیں سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے ایک بارپھرحکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کا ایکشن پلان ناکام ہوچکا، نیشنل ایکشن پلان وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تخت رائیونڈ والوسنو! ابھی تولاہورسے آوازاٹھی ہے، کل پورے پاکستان سے آواز اٹھے گی، اگر حکومت نے ہمارے 4 مطالبات نہ مانے تو پھر 27 دسمبر کے بعد ملک بھر میں دما دم مست قلندر ہو گا۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر 2018 میں وزیراعظم بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے گو نواز گو اور اگلی باری پھر زرداری کے نعرے بھی لگوائے۔بلاول بھٹو نے  اپنے مختصر خطاب میں بلاول نے ایک بار پھر گو نثار گو کا نعرہ لگا یا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، شاہنواز، مرتضی اور بلاول بھٹو کی پارٹی جیت سکتی ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں تبدیلی لایا ہوں، پارٹی میں تبدیلی لا رہا ہوں، اگر جیالے اور عوام ساتھ دیتے ہیں تو 2018 میں وزیر اعظم پیپلز پارٹی کا ہو گا۔دریں اثنا، لاہور میں بھی سندھی ثقافت کے رنگ سر چڑھ کر بولے۔ بلاول ہائوس میں اجرک اور ٹوپی کی بہار نظر آئی، سندھی گج اور کڑھائی والے ملبوسات زیب تن کئے خواتین کارکنوں نے بھی چار چاند لگا دیئے، فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے بھی دل موہ لئے۔راوی کنارے مہران کی ثقافت کے رنگ پیارے، کہیں ٹوپیوں کی بہار، کہیں اجرک کے لشکارے۔ روایتی موسیقی کی جھنکار اور سندھی ثقافت سے محبت کے اظہار نے سماں باندھ دیا۔

بلاول ہائوس آئے جیالوں نے ٹوپیاں اور اجرک پہنیں تو یوم تاسیس کی تقریب کلچرل ڈے میں بدل گئی۔سندھی گج اور کڑھائی والے ملبوسات پہننے خواتین کارکنوں نے بھی خوب رنگ جمایا۔ آصفہ اور بختاور بھی لطف اندوز ہوتی رہیں۔ پی پی چیئرمین روایتی ٹوپی اور اجرک پہنے سامنے آئے اور جیالوں کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلائے اور وزیر اعلی سندھ کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے بھی محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ سندھی گیتوں پر دھمال ڈالتے جیالوں نے بھی شرکا کو گرمائے رکھا۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.