برطانوی شہر مانچسٹر میں کانسرٹ کے دوران دھماکا، 19 افراد ہلاک، 50 زخمی

مانچسٹر: 

مانچسٹر ارینا میں کانسرٹ کے دوران زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مانچسٹر ارینا کے سٹی سینٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کا کانسرٹ جاری تھا کہ زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کانسرٹ میں موجود 19 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور مزید 50 ایمبولینسز کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ دھماکے میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے محفوظ رہیں۔

دوسری جانب برطانوی حکام نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے مانچسٹر شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور سیکیورٹی ریڈ الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ادھر برطانوی پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکا ارینا کے داخلی دروازے کے قریب ہوا، اس وقت کانسرٹ میں 20 ہزار سے زائد افراد موجود تھے بعدازاں جہاں پر بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

برطانوی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے مشتبہ ڈیوائس بھی ملی ہے جس سے ممکنہ طور پر دھماکا کیا گیا ہے تاہم پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سیکیورٹی ادارے بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں جہاں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

علاوہ ازیں برطانوی میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکا خودکش بھی ہو سکتا ہے تاہم دھماکے کے بعد ہیلی کاپٹرز سے متاثرہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے اور قریب ہی موجود وکٹوریہ اسٹیشن پر ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.