لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد( بی ایل آٸی)لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عاصم سلیم باجوہ کی تعیناتی 4 سال کیلئے کی گئی ہے۔ سی پیک اتھارٹی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے ماتحت کام کرے گی۔ اتھارٹی 10 ارکان پرمشتمل ہوگی۔ اتھارٹی کے ارکان کی تقرری وزیراعظم کی منظوری سے ہوگی۔
گریڈ 20 کا سرکاری افسر اتھارٹی کا چف ایگزیکٹو آفیسر ہوگا جسے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔ سی پیک سے متعلق اب تمام سرگرمیاں اسی اتھارٹی کے زیر انتظام ہونگی۔
اتھارٹی یا اس کے عہدیداران کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔ اتھارٹی سی پیک سے متعلق امور پر کوآرڈی نیشن، مانیٹرنگ اور جانچ کی ذمہ دار ہوگی۔ فیصلے اکثریت کی بنیاد پرہوں گے۔ جبکہ اتھارٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر ہوگا۔ سی پیک منصوبوں سے مستفید ہونے والا کوئی بھی شخص اتھارٹی کا حصہ نہیں ہوگا۔
اتھارٹی کے مقاصد کے حصول کیلئے سی پیک بزنس کونسل قائم کی جائے گی۔ اتھارٹی ہر مالی سال کیلئے اپنا بجٹ خود بنائے گی۔ 3 رکنی بجٹ کمیٹی اتھارٹی کی طرف سے کی جانے والی ہر قسم کی سرمایہ کاری کی منظوری دے گی۔
اتھارٹی اور اس کے عہدیداران کے کسی اقدام کے خلاف کوئی تادیبی یا قانونی کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔ اتھارٹی کسی بھی شخص کو معلومات کی فراہمی کیلئے طلب کرسکے گی۔ پیش نہ ہونے والے فرد پر جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔