ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، وزیراعظم نواز شریف

انقرہ:  (بی ایل آ ئی)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں  اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ترکی کی حمایت کرتے ہیں۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کے تزویراتی تعاون کی کونسل کا پانچواں اجلاس وزیراعظم نواز شریف اورترک وزیراعظم بن علی یلدرم کی مشترکہ صدارت میں ہوا جس میں پاکستان اورترکی کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سمیت تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، فنانس و بینکنگ کے ورکنگ گروپس اور ٹرانسپورٹ، مواصلات، ثقافت، سیاحت و تعلیم کے ورکنگ گروپس کی رپورٹس پیش کی گئیں۔

اجلاس میں بہاولپور میں سولر پاور منصوبے، پاکستان اور ترک مسلح افواج کی تربیت میں تعاون کے معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ جنگلات، لائبریریوں کے قیام، ثقافت و سیاحت، ادویات جائزہ سروسز میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ وزیر اعظم نواز شریف اورترک وزیراعظم بن علی یلدرم کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کو مالی وسائل کی فراہمی روکنے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے، ہائیڈرو کاربن کے شعبے میں تعاون کے معاہدہ پر شاہد خاقان عباسی نے دستخط کیے جب کہ اعلیٰ سطح پر تعاون جاری رکھنے کے معاہدے پر دونوں وزرائےاعظم نے دستخط کیے۔

اجلاس کی صدارت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ بہترین مہمان نوازی پر ترک قیادت کے شکر گزار ہیں۔ گزشتہ سال ہونے والے افسوسناک واقعے میں بغاوت کو ناکام بنانے والے 248 شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں اور  دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، یقین ہے کہ ترکی امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ دفاع کے شعبے میں نہ صرف تعاون کا فروغ چاہتا ہے بلکہ ترک حکومت سے دفاعی تعلقات کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے اور ترکی سے توانائی کے شعبے میں تعاون چاہتے ہیں جب کہ پاکستان  قبرص کے معاملے پر ترک موقف کی حمایت کرتا ہے اور مسئلہ کشمیر پر ترک عوام کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، دونوں ممالک تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

About BLI News 3244 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.