لاہورمیں پی ایس ایل کا فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا، سربراہ پاک فوج

راولپنڈی: 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے بھی بھرپور تعاون کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پی ایس ایل کے فائنل کے لاہورمیں انعقاد کے لیے ہر قسم کی مدد دے گی اور فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرر لاہور میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور اور حساس اداروں نے لاہور دھماکے پر بریفنگ دی جب کہ آرمی چیف نے لاہور دھماکے کے مجرموں کی نشاندہی اور چند افغانوں کی گرفتار کو سراہا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے ہدایت دی کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کی کوششیں تیز کی جائیں اور اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے ہمارے قومی عزم میں کمی نہیں آئے گی، دہشت گردوں کے ماسٹرز، فنانسرز، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کا خاتمہ کریں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ کر کٹہرے میں لائیں گے اور ان سے حساب لیں گے جب کہ ملکی وغیر ملکی تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔

 

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ضرب عضب سے حاصل کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے اور قوم غیر انسانی وحشیانہ سوچ کو شکست دے گی۔ جنرل قمر باجوہ نے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے بھی بھرپور تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پی ایس ایل کے فائنل کے لاہورمیں انعقاد کے لیے ہر قسم کی مدد دے گی اور فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گنگا رام اسپتال میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی جب کہ انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک شہید کپٹن احمد مبین کے گھر کا بھی دورہ کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی والدہ کو یقین دہانی کرائی کہ احمد مبین سمیت دیگرکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی سمیت 7 پولیس اہلکار اور 6 عام شہری جاں بحق ہوئے تھے جب کہ درجنوں زخمی شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.