کراچی(اسٹاف رپو رٹر)لانڈھی میں تیز رفتار ٹرالر نے گھر کے پاس بیٹھے نوجوان کو کچل دیا اور ٹرالر قریب نالے میں پھنس گیا ، ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس وضلعی انتظامیہ اطلاع کے باوجود موقع پر مدد کو نہیں پہنچی جس شہری مشتعل ہوگئے اورروڈ بلاک کرکے احتجاج کیا جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا،پولیس نے ٹرالر تحویل میں لے کر ڈرائیور اور کلینر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں،جبکہ ناظم آباد اور ڈیفنس میں گاڑیوں کی ٹکر سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے ماڈل پارک کے قریب بدھ کی علی الصبح رہائشی علاقے سے گزرنے والا تیز رفتار ٹرالر C.2098 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گھر کے باہر بنے چبوترے پر بیٹھے ہو ئے نوجوان کو روندتا ہوا کچھ فاصلے پر واقع پختہ نالے کی زمین کو توڑتا ہوا اس میں گر گیا ،حادثے کے فوری بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہو گئےجبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین موقع پر جمع ہو گئےجہاں پر متوفی کی لاش کو ٹرالر کے پچھلے پہیوں میں پھنسا ہوا دیکھاتوعلاقہ مکینوں اور متوفی کے اہل خانہ نے زمین کی کھدائی کر کے لاش نکالنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو بھی مطلع کیاتاہم اطلاع ملنے کے باوجود
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی مدد فراہم نہیں کی گئی جس کے بعد علاقہ مکینوں نےاپنی مدد آپ کے تحت ہیوی مشینری کے ذریعے 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ٹرالر کے ٹائروں میں پھنسی لاش نکال کر ریکسیو ایمبو لنس کے ذریعےجناح اسپتال منتقل کیا جس کے بعد حسب روایات پولیس اسپتال بھی دیر سے ہی پہنچی،پولیس کےمطابق متوفی کی شناخت 25سالہ یاسین ولد محمد ناظم کے نام سے کی گئی ہےاورمتوفی مقامی اخبار کے کورنگی صنعتی ایریا میں واقع پرنٹنگ پریس میں اسسٹنٹ مشین مین کی حیثیت سے ملازمت کرتا تھا اور حادثے سے قبل وہ ڈیوٹی ختم کر کے اپنے گھر پہنچا تھا اور معمول کے مطابق مکان نمبر 80/9ایریا سی ون لانڈھی کے باہر بیٹھا اپنے دوست کا انتظار کر رہا تھا ،پولیس نےمزید بتایا کہ متوفی کی لاش انتہائی خراب حالت میں نکالی گئی تھی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا پولیس نے ٹرالر کو قبضے میں لے کر فرار ہونے والے ڈرائیورکی تلاش شروع کردی ہےاورجلد ہی ذمہ دار کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جاں بحق نوجوان یاسین عالم چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا،دوسری جانب لانڈھی میں المناک ٹریفک حادثےاور ضلعی انتطامیہ و پولیس کی بے حسی پر اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور لانڈھی کی شارع کو بلاک کرنے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کردیامظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹرالر ڈرائیور اور مالک کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا حادثہ نہیں اس سے پہلے بھی کئی حادثے ہو چکے ہیں تھانہ پولیس اورٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے ہیو ی ٹرالر صنعتی ایریا کی بجائے رہائشی ایریا سے آتے جاتے ہیں اور ہیوی ٹریفک کو رہائشی ایریاز میں داخلےکو روکا نہیں جاتا جس کے باعث جان لیوا حادثات رونما ہورہے ہیں جبکہ حادثات کے بعد انتطامیہ و پولیس مدد کے لئےبھی بروقت نہیں پہنچتے،احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور اعلی حکام موقع پر پہنچ گئے اور گھنٹوں سے جاری احتجاج کو ختم کرواکر سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا،علاویہ ازیں بوٹ بیسن کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 30 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں متوفی کی شناخت زوردار ولد سیف اللہ کے نام سے ہوئی ، پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی،ناظم آباد کے علاقے ناظم آباد انڈربائی پاس میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں متوفی کی شناخت 32 سالہ محمد فیصل ولد تاج محمد کے نام سے ہوئی متوفی لیاقت آباد کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی ۔