دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر نے 80 ممالک کے لیے ویزا فری اسکیم کا اعلان کردیا، اسکیم میں یورپی یونین، مغربی ممالک، لاطینی امریکا، بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک شامل ہیں تاہم پاکستان اس فہرست میں نہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب سمیت 6 عرب ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد قطر نے دنیا بھر سے 80 ممالک کے لیے ویزا فری اسکیم کا اجرا کیا ہے جس کے بعد اِن ممالک کے شہری بغیر کسی ویزے کے صرف اپنے پاسپورٹ کی بنیاد پر قطر آ سکیں گے۔ سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لیے ترتیب دی گئی اس اسکیم کے بعد قطر خطے کا آزاد ترین ملک بن جائے گا جہاں 80 ممالک کے شہری ویزے کے بغیر بآسانی داخل ہو سکیں گے۔ قطر کے محکمہ سیاحت کے سینیئر افسر حسن الابراہیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم قطر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اُٹھایا گیا ہے جس سے 80 ممالک کے شہری فائدہ اُٹھا سکیں گے جس کے بعد قطر دنیا کا آزاد ترین ملک بن جائے گا۔ محکمہ داخلہ کے اعلیٰ افسر راشد المزروعی نے کہا کہ اس اسکیم سے فائدہ اُٹھانے والے 80 ممالک کے شہریوں کو قطر میں داخلے کے لیے محض اپنا مستند اور تجدید شدہ پاسپورٹ اور ملکی شہریت دکھانا ہوگی۔ راشد المزروعی کا کہنا تھا کہ ویزا فری اسکیم کے اجرا کے لیے ان ممالک کو سیکیورٹی رسک، امن عامہ کی صورت حال اور معاشی استحکام کو دیکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔ ویزا سے متعلق قطر کی
آفیشل ویب سائٹ پر موجود فہرست کے مطابق 80 ممالک میں زیادہ تر مغربی ممالک شامل ہیں جب کہ 80 میں سے 33 ممالک کے لیے ویزے کی میعاد 180 دن مقرر کی گئی ہے اور بقیہ ممالک کے لیے 30 دن ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل قطر 3 اگست کو غیر ملکیوں کو پہلی بار شہریت دینے کا اعلان بھی کرچکا ہے اور اب ویزا فری اسکیم کا اجرا بھی کردیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قطر کے حالیہ اقدامات 5 جولائی کو سعودیہ عرب سمیت 6 عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر کے پابندیاں عائد کرنے کے بعد قطر نے اپنی خارجہ اور داخلہ پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کی ہیں۔ قطر ویزا سروس ڈاٹ کام کے مطابق مفت ویزا حاصل کرنے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ قطر میں داخل ہونے کی تاریخ سے اگلے چھ ماہ تک ان کا پاسپورٹ کار آمد ہو، واپسی کا ٹکٹ موجود ہو، ان کے پاس ہوٹل کی بکنگ اور 1500 ڈالر کے مساوی رقم موجود ہو۔