اسلام آباد(بی ایل ٰآئی)
الیکشن کمیشن نے 332 اراکین سینیٹ اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین سینٹ ،قومی وصوبائی اسمبلیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 1174 اراکین پارلیمنٹ میں سے 874 نے تفصیلات جمع کرائیں، سینیٹ کے 104 اراکین میں سے 20اراکین نے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں، قومی اسمبلی کے 342 میں سے 72 اراکین مالی گوشواروں کی تفصیل جمع نہ کراسکے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر معطل کیے گئے ارکان میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی، وزیرصحت عامرمحمود کیانی اور وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور کی رکنیت معطل کی گئی۔
الیکشن کمیشن نے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل، علی اعوان، غلام بی بی بھروانہ، حسین الہیٰ، صداقت عباسی ،چوہدری سالک حسین ،شوکت بھٹی کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔ اراکین سینٹ میں راحیلہ مگسی ،انوارالحق کاکڑ اور سرفراز بگٹی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین، محبوب سلطان ،امجد خان نیازی اور مجتبیٰ شجاع رحمان کی رکنیت بھی معطل کی گئی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر 350 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کی تھی جو منظور کرلی گئی جب کہ رکنیت معطلی ہونے کے بعد ارکان اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں۔