اسلام آباد (بی ایل ٰآئی )سینیٹ کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ غیرقانونی داخلے پر گزشتہ 3 سال میں 90 ہزار 838 پاکستانیوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔
سینیٹ کے اجلاس میں مختلف ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی کے حوالے سے وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ۔ وزیر داخلہ نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ غیر قانونی داخلے پر 3 سال میں 90 ہزار 838 پاکستانیوں کو واپس بھجوایا گیا۔ 2015 میں 29 ہزار 410 پاکستانیوں کو واپس بھجوایا گیا جبکہ 2016 میں 32 ہزار 996 پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے غیر قانونی داخلے کی پاداش میں بے دخل کیا گیا جبکہ گزشتہ سال 2017 میں 28 ہزار 432 پاکستانیوں کوواپس بھیجاگیا۔
وزیر داخلہ نے اپنے جواب میں بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے دخل افراد اور ایجنٹس کے خلاف کارروائیاں بھی کی ہیں۔ گزشتہ 3 سال کے دوران 3 ہزار 944 افراد کیخلاف مقدمات قائم کیے گئے جبکہ 6 ہزار 954 کو گرفتار کیا گیا۔