اسلام آباد(ویب ڈیسک)عید الفطر کی آمد پر ٹرانسپورٹر نے غریب مسافروں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ بسوں اورویگنوں کے کرایوں میں کئی گنا اضافہ،غریب مزدور اپنوں کیساتھ عید منانے کے لیے منہ مانگا کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے چپ سادھ لی۔ کوئی بھی ایکشن لینے سے گریزاں ۔تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے آمد پر راولپنڈی اسلام سے ملک کے دوسرے حصوں میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا۔ملک بھر سے مزدور طبقہ جڑواں شہروں مین محنت مزدوری کے لیے آتا ہے اور عید کے موقع پر اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں کی طرف سفرکرتا ہے ۔ٹرانسپورٹرز کے عید کے موقع پر ہمیشہ کی طرح اس سال بھی غریب مزدوروں کی محنت کی کمائی پر لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بسوں میں موجود سٹیوں کے علاوہ مختلف قسم کی اضافی نشستیں قائم کر لی گئی ہیں جو انتہائی بے آرام ہیں
اور کسی بھی قسم کی نا گہانی صورتحال میں انتہائی خطرناک بھی ہیں اسی طرح سے غریب مسافروں کو بسوں کی چھتوں پر سوار کر کے ان سے پورا کرایہ وصول کیا جا رہا ہے بسوں کے اڈوں پر مسافر گرمی کے موسم میں کئی کئی گھنٹے روزے کے ساتھ لائنوں میں لگ کر مہنگے ٹکٹس خریدنے پر مجبور ہیں۔اسی طرح سے عید کے بعد غریب اور مزدور طبقہ سے تعلق رکھنے والے یہ مسافر واپسی پر انہیں مشکلات کا شکار ہوں۔دوسری طرف ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمتی دیگر متعلقہ حکام نے اس تمام معاملے پر خاموشی اختیار کررکھی ہے اور کسی بھی ٹرانسپورٹر کے خلاف ایکشن لینے لینے سے گریزاں ہیں بس ڈرائیور بھی کئی کئی دن سے مسلسل بسیں چلا رہے ہیں اور نیند بھی پوری نہیں کی جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے بسوں کی چھتوں پر مسافروں کو سوار کر کے موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ سے سفر کیا جاتا ہے اور جی ٹی روڈ پر موجود پولیس چیک پوسٹیں بھی ان بسوں کا چالان کرنے کی بجائے عیدی بنانے میں مصروف ہیں اور فی بس طے شدہ عیدی لے کر مسافروں کی حق تلفی کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے لیکن ٹرانسپورٹرز دھڑے سے اضافی کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔