عمران خان کوجھوٹ بولنے کی سزا بھگتنا پڑے گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: 

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سپریم کورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں جھوٹ بولنے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لوگوں پر بہتان تراشی کرنے والے شخص کے کیس کی سماعت کی جارہی ہے اور عمران خان کو جواب اب سپریم کورٹ میں دینا ہوگا، انہوں نے اداروں اور لوگوں پرالزامات لگائے لیکن اب عمران خان سپریم کورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں،عمران خان کوجھوٹ بولنے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غیرملکی فنڈنگ اور اثاثوں کی معلومات کی غلط فراہمی اور اپنی آف شور کمپنیوں کا بھی جواب دیں، آپ خالی کرسیوں سے خطاب اور جے آئی ٹی کومتنازع بناتے ہیں اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے خلاف عدالتوں سے حکم امتناعی مانگتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف پر جھوٹا الزام لگانے پر نوٹس موصول ہوچکا ہے جب کہ معافی مانگنے کی تو آپ کو عادت پڑ گئی ہے، الزام لگاتے ہیں اور پھر معافی مانگ لیتے ہیں، عمران خان پنجاب میں جاکر شہباز شریف کی کارکردگی دیکھنا چاہتے ہیں تاہم انہیں خیبر پختونخوا میں پنجاب کی نقل کرنے کا فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں ترقی کے بجائے بہت وقت ضائع کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر اٹھنے والے سوالات سے متعلق پوری قوم جواب کی منتظر ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے خود کہا کہ عمران خان اداروں کی تضحیک کرتے ہیں، دوسروں پر الزامات لگانیوالے جواب دینے الیکشن کمیشن یا سپریم کورٹ کیوں نہیں آتے؟

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی خفت مٹانے کے لیے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں جلسیاں کررہے ہیں، عمران خان نے 2013 سے بدتمیزی، اوئے اور لوگوں پر نعرے لگوانے سمیت اداروں کو بدنام کرنے کی سیاست کی لہذا عمران خان کا مقصد ملکی ترقی اور کرپشن کا خاتمہ نہیں ہے۔

بیرسٹر محسن رانجھا نے کہا کہ عمران خان مرد ہیں تو میرے سوالات کا جواب دیں کہ 15 سال بند رہنے والی کمپنی کے وکیل کو معاوضہ کیسے دیا گیا، جمائما نے کس اکاؤنٹ سے پیسے دیئے۔دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کے دن گنے جاچکے، انہوں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ایک ایک پیسے کا ثبوت موجود ہے لیکن اب وہ رنگے ہاتھ پکڑے گئے ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ سماعت کے دوران فسادیوں کے چہرے دیکھنے والے تھے ، عمران خان آف شور کمپنیوں کی وضاحت نہیں کرسکے ، عمران خان ٹیکس چور،بے نامی اکاونٹس اورغیرملکی فنڈنگ کے مرتکب ہوئے، ان صاحب کا اصلی چہرہ قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عدالت کے اندر اور باہر وزیراعظم کی تین نسلوں کا احتساب ہوا، متلاشیوں کی تلاشی شروع ہوگئی ہے، ان کا جال ان ہی کے لیے وبال بن گیا ہے ، ہماری آف شور کمپنی نکلے تو ٹیکس چوری کہتے ہیں، عمران خان کے پاس بنی گالہ کی ٹرانزیکشن نہیں ہے۔

About BLI News 3242 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.