صوبے میں وہی پولیس آفیسر چلے گا جو پالیسی پر عمل کرے گا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی( بی ایل آٸی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں وہی پولیس آفیسر چلے گا جو پالیسی پر عمل کرے گا۔ آئی جی کلیم امام کی تبدیلی پر تین بار وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کی۔ پابند نہیں کہ ہر بات اپوزیشن لیڈر کو بتاؤں۔
صوبائی وزراء پر پولیس افیسر کے الزامات کا معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا۔ پی ٹی آئی رکن خرم شیر زمان نے توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی رضوان احمد کی جانب سے صوبائی وزراء پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
جواب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کلیم امام خوب تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں نے آئی جی پر عدم اعتماد کیا ہے۔ کلیم امام کرسی پر چپکے ہوئے ہیں۔ صوبے میں وہی افسر چلے گا جو پالیسی پر عمل کرے گا۔
ایوان میں صوبائی وزراء امتیاز شیخ اور سعید غنی نے ڈاکٹر رضوان پر تنقید کی اور کہا کہ ہم ہر سطح کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں اور ان کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
ایوان نے گورنر سندھ کے محتسب بل پر اعتراض رد کردیا اور بل کثرات رائے سے منظور کرلیا۔ اپوزیشن نے بھی واک آؤٹ کیا تو ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔