لاہور صوبائی وزراءرانا مشہوداحمد خان اور محمد منشااللہ بٹ نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔
ڈی جی پی آر کے اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخاں اور صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشااللہ بٹ نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے نومنتخب صدر فرخ شہباز وڑائچ ، جنرل سیکرٹری محمد نورالہدیٰ ، سینئر نائب صدر فرید رزاقی ، مرکزی آرگنائزر عمر عبدالرحمن جنجوعہ ،سیکرٹری ممبرشپ اظہر تھراج، انفارمیشن سیکرٹری حافظ محمد زاہد اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ فرخ شہباز وڑائچ کا دوبارہ پی ایف یو سی کا صدر منتخب ہوناان پر اعتماداور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف کا اظہار ہے ۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ کالم نگار معاشرے کے سفیر ہیں جو اپنے بے لاگ تبصروں اور تجزیوں کے ذریعے ہر طبقہ فکر کاشعور اجاگر کرنے ، رائے عامہ کی ہمواری اور ارباب اختیار کی اصلاح کا باعث بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایف یو سی عوام کے مسائل اجاگر کرنے ، ان کے حل ، ارباب اختیار و اقتدار کی کمی کوتاہیوں کی اصلاح و راہنمائی ، لوگوں میں احساس ذمہ داری پیدا کرنے ، پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں بہتری کیلئے اپنا مثبت کردارادا کرتی رہے گی ۔