صرف امریکہ میں ایک سال کے دوران ساڑھے 4 لاکھ کلو ہیروئن سمگل کرنے والے سمگلر نے جج سے جیل حکام کی ایسی شکایت کردی کہ آپ کو بھی ہنسی آجائے گی

نیو یارک (بی ایل آ ئی) انسانی تاریخ کے سب سے بڑے سمگلر اور جیلیں توڑنے کے حوالے سے شہرت رکھنے والے جواقن گزمن ایل چیپو کو امریکی جیل میں انتہائی سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے لیکن جب انہیں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تو ان کے وکلا نے جیل حکام کے سخت رویے کی شکایت لگادی جس پر جج بھی حیران ہوا لیکن ایسا جواب دے دیا کہ گزمن اپنا سا منہ لے کر رہ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسانی تاریخ کے سب سے بڑے سمگلرجواقن گزمن ایل چیپو کو قتل، منی لانڈرنگ، اغوا برائے تاوان اور منشیات کی سمگلنگ کے الزامات کے تحت مین ہیٹن کی ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے وکلا نے جج کے سامنے شکایات کے انبار لگادیے۔ وکلا کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کو 23 گھنٹے تک بیرک میں بند رکھا جاتا ہے جبکہ بیوی کو بھی اس سے ملنے نہیں دیا جاتا اسے اپنے وکلا کے علاوہ کسی سے ملنے بھی نہیں دیا جاتا جبکہ پینے کا پانی بھی فراہم نہیں کیا جاتا۔

وکلا نے ضلعی جج برائن کوگن کے سامنے شکوہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے موکل پر اتنی زیادہ پابندیاں عائد ہیں کہ وہ مقدمے میں اپنا دفاع کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ جیلر نے وکلا سے ملاقات کے دوران انہیں پانی تک نہیں پینے دیا۔جج نے وکلا کی شکایات پر کہا کہ وہ جیل کے حالات پر کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ اس کیس کے بارے میں جتنا انہیں پتا ہے اس کے مطابق اضافی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق گزمن دنیا کا سب سے طاقتور منشیات کا سمگلر ہے، فوربز میگزین نے بھی اسے دنیا کے طاقتور ترین شخصیات کی فہرست میں تین سال تک جگہ دی ۔ فوربز میگزین نے اسے 2009 میں 41 واں، اگلے سال 60 واں اور 2011 میں 55 واں طاقتور ترین شخص قرار دیا تھا۔انہیں معروف کاروباری شخصیت اور دنیا کے امیر ترین شخص کے عہدے پر فائز رہنے والے کارلوس سلم کے بعد میکسیکو کا سب سے طاقتور شخص سمجھا جاتا ہے ۔ فوربز میگزین نے انہیں انسانی تاریخ کا سب سے بڑا منشیات کا سمگلر بھی قرار دے رکھا ہے۔ 2014 میں انہوں نے صرف امریکہ میں ساڑھے 4 لاکھ کلو گرام ہیروئن سمگل کی تھی۔

گزمن کو پہلی بار 1993 میں گوئٹے مالا میں سمگلنگ اور قتل کے الزام میں گرفتار کرکے 20 سال قید کی سزا سنا کر ملک کی سب سے سخت سیکیورٹی کی جیل میں رکھا گیا لیکن یہ 2001 میں جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ امریکہ ، میکسیکو اور انٹرپول کو بیک وقت اس کی تلاش تھی جبکہ امریکی حکومت نے صرف اس کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر (تقریباً 50 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) اور میکسیکو کی حکومت نے 38 لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔ اسے 22 فروری 2014 کو میکسیکو سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد یہ ایک بار پھر 11 جولائی 2015 کو ڈیڑھ کلومیٹر طویل سرنگ کھود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم 8 جنوری 2016 کو دوبارہ گرفتار ہوگیا۔ 19 جنوری 2017 کو اسے خصوصی ہوائی جہاز کے ذریعے امریکہ بھیجا گیا جہاں یہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.