اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کا تحفظ اور بہبود وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن ہے‘ پاکستان میں میڈیا کو آزادی اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے‘ صحافی مطمئن نہیں ہوگا تو کام پر توجہ نہیں دے سکتا، پریس کلبز کے سالانہ فنڈز کو باقاعدہ کررہے ہیں،سنسنی خیزی کی بجائے ذمہ داری کو اپنا شعار بنانا چاہئے‘ پاکستان کی آزادی اور ترقی میں خواتین کا کردار نمایاں ہے‘ خواتین کو فیصلہ سازی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا وزیراعظم کا وژن ہے‘ پاکستان کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ خواتین آگے بڑھیں۔
نیشنل پریس کلب میں یوم خواتین کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت سنبھالی تو صحافیوں کے مسائل کے حل پر توجہ دی۔ صحافی مطمئن نہیں ہوگا تو کام پر توجہ نہیں دے سکتا۔ پریس کلبز کے سالانہ فنڈز کو باقاعدہ کررہے ہیں۔ مسائل اس لئے پیدا ہوئے کہ پریس کلب کو نظام کے تحت نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف میڈیا کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ صحافیوں کی بہبود اور تحفظ کا بل سامنے آچکا ہے۔ تجاویز لے رہے ہیں تجاویز کے حصول کے بعد قانون سازی کریں گے۔ صحافیوں کی بہبود اور تحفظ کے بل کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ اور بہبود وزیراعظم محمد نواز شریف کا وژن ہے۔ پاکستان کی آزادی اور ترقی میں خواتین کر کردار نمایاں ہے پاکستان کا آئین اور قانون خواتین کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین شانہ بشانہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کے دیئے ہوئے اعتماد سے خواتین آگے بڑھتی ہیں۔ میری کامیابی کے پیچھے بھی میرے والد کا ہاتھ ہے۔ خواتین کو فیصلہ سازی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا وزیراعظم کا وژن ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ خواتین آگے برھیں۔ پاکستان میں خواتین کے تربیتی پروگرام کا فقدان رہا ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کو آزادی اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے۔ سنسنی خیزی کی بجائے ذمہ داری کو اپنا شعار بنانا چاہئے پی ایس ایل نے پاکستان کا حقیقی امن کا پیغام دنیا تک پہنچایا۔