اسلام آباد(بی ایل ٰآئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے کا اہم حصہ ہے اور صحافی ملکی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی اور قومی ترقی کے لئے رہنما اصول مرتب کرنے میں ہمیشہ معاون رہتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے وہ طبقہ جو معاشرے کے ہر شعبے کے مسائل کو اجاگر کرتا ہے ان کے اپنے مسائل نظر انداز کر دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لئے پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد ہونا چاہئے اور ضرورت پڑے تو اس سلسلے میں نئے قوانین بھی بنائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور پریس کلب کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے آج ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر خانزادہ خان بھی موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پشاور اور خیبرپختونخواہ کے دیگر علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور علاقے میں امن کی بحالی کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ایوان بالا اس سلسلے میں فعل کردار ادا کرے گا اور وفد کی جانب سے اجاگر کئے گئے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے متعلقہ شعبوں سے بات چیت کی جائے گی تاکہ ان مسائل کا قابل عمل حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لئے پہلے سے موجود قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہئے۔
قبل ازیں پشاور پریس کلب کے نمائندوں نے چیئرمین سینیٹ کو صحافی برادری کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹی وی چینلز اور میڈیا کے اداروں کی جانب سے صحافیوں کو بغیر کسی نوٹس کے نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے اور چیئرمین سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور متعلقہ شعبوں سے اس سے متعلق بات کریں۔