شہباز شریف واپس آگئے اب عمران خان کی ڈھیل کا وقت ختم، مریم اورنگزیب

لاہور( بی ایل آٸی)

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی وطن واپسی پر وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف صاحب تو وطن واپس آگئے ہیں لہٰذا اب آپ کے پچاس کرائے کے ترجمان کیا کریں گے۔

بی ایل آٸی کے مطابق لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی وطن واپسی پر عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب شہباز شریف کا طیارہ لاہور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر اُتر گیا ہے، آپ کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، شہباز شریف واپس آگئے ہیں لہٰذا اب آپ کی ڈھیل کا وقت ختم ہوا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ شہباز شریف کے آنے کے خوف سے پہاڑوں میں چھُپ گئے ہیں اور آپ کے ترجمانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے، عمران صاحب شہباز شریف صاحب تو واپس آگئے ہیں آپ کے پچاس کرائے کے ترجمان کیا کریں گے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ اب جھوٹوں سے اور مصنوعی بیانیہ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، بہت ہو گیا تمام جھوٹے کرائے کے ترجمانوں میں اگر تھوڑی سی بھی شرم ہے تو رضا کارانہ استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی شہباز شریف کا طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا جھوٹے کرائے کے ترجمانوں پر سکتہ طاری ہو گیا کہ آقا کو کیا جواب دیں گے۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران صاحب شہباز شریف ملک سنوارنے والوں میں سے ہیں اور پاکستان کی عوام شہباز شریف سے محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب بھاگنے اور چُھپنے کا آپ کا وقت ہے، خلقِ خُدا کے صبر سے ڈریں عمران صاحب شہباز شریف کے آنے کا اتنا خوف کہ وزیراعظم ہاؤس ہی چھوڑ گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب عید کی نماز پڑھتے ہی شہباز شریف کے آنے کے خوف سے سرکاری ہیلی کاپٹر پر نتھیا گلی جا کر پہاڑوں میں چھپ گئے ہیں۔ عمران صاحب نتھیا گلی میں گورنر ہاؤس میں ہیں اور یہاں آئی ایم ایف 22 کروڑ عوام کی قسمت کا فیصلہ کر رہا ہے، عمران صاحب گورنر ہاؤس تو یونیورسٹی بننے تھے، دیواریں گرنی تھیں، ہوٹل بننے تھے اور اُس پیسوں سے ملکی قرضہ اور غربت ختم ہونی تھی، کیا ہوا عمران صاحب کنٹینر پر گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کے رہنے پہ بھاشن اور خود گورنر ہاؤس میں مزے؟

ترجمان (ن) لیگ نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب پچھلے پانچ دنوں میں ٹیکس کا کتنا پیسہ جو اسکول اور اسپتال بنانے پہ لگنا تھا وہ آپ پہ لگا ہے عمران صاحب واپس آجائیں اور تیاری کریں آپ نے شہباز شریف کو اپنی نالائقی اور نااہلی کے بڑے جواب دینے ہیں۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.