اسلام آباد:
شنگھائی الیكٹرك نے كے الیكٹرك میں 9 ارب ڈالر كی سرمایہ كاری كا پلان پیش كردیا جس میں كے الیكٹرك كی بجلی پیداوار، تقسیم اور ترسیلی نظام كے منصوبے شامل ہیں۔
كراچی الیکٹرك ( کے الیکٹرک) كی ٹرانزیكشن سے متعلق توانائی كے بارے میں كابینہ كمیٹی كی طرف سے تشكیل دی گئی كمیٹی كا اجلاس وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف كی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل، چیرمین نجكاری كمیشن، چیرمین سرمایہ كاری بورڈ نے بھی شركت كی۔
اجلاس میں كے الیكٹرك كی مجوزہ نئی حصص ہولڈر شنگھائی الیكٹرك پاور نے كراچی الیكٹرك كی انتظامیہ كے ہمراہ 9 ارب ڈالرز كی اس سرمایہ كاری كا اپنا بزنس پلان پیش كیا جو كہ كراچی الیكٹرك كمپنی كے انفراسٹركچرسمیت بجلی كی ترسیل، تقسیم اور بجلی كی پیداوار كو بہتر بنانے كے لیے بنایا گیا ہے۔ شنگھائی الیكٹرك پاور چین میں بجلی كے شعبے كی سب سے بڑی كمپنیوں میں سے ایك ہے۔ اس كمپنی كے ماہرین نے اجلاس میں كمپنی كے پروفائل، بین الاقوامی سطح كی مہارت اور اس قسم كے تجربہ بارے بتایا۔
حكومت پاكستان نے كے الیكٹرك كے حصص ہولڈر میں تبدیلی اور سرمایہ كاری كا خیر مقدم كیا ہے۔ حكومت نے اس بات كی ضرورت پر زور دیا كہ كراچی الیكٹرك كمپنی اپنی سرمایہ كاری كے منصوبے اس طرح كے بنائے كہ بجلی كا ترقیاتی ڈھانچہ اور پیداواری سہولیات حكومت كے 2018 كے لوڈشیڈنگ كے خاتمے كے منصوبے كے مطابق ہو۔ حكومت نے كے الیكٹرك كے صارفین كو بجلی كی فراہمی اور بجلی كے معیار میں بہتری لانے كی كوششوں میں معاونت كا بھر پور یقین دلایا ہے۔