اسلام آباد ; چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ شرفاءکی شرافت کا عالم یہ ہے کہ وہ سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے پر اتر ے ہوئے ہیں اور ہر روز عدالتوں پر دباو ڈالنے کیلئے میڈیا پر بیانات دئیے جاتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آج شا ہ زیب خانزادہ کیساتھ“ میں پانامہ کیس پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خا ن کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کا پانامہ میں نام نہ آتا تو ہم کبھی انہیں پکڑ نہیں سکتے تھے لیکن ان کی کرپشن کا پردہ اللہ نے فاش کردیا اور پوری دنیا میں یہ لوگ ٹی وی میڈیا اور سوشل میڈیا ایک کے ذریعے بے نقاب ہوگئے،میڈیا اب بہت بڑاہتھیار بن گیا ہے جس کے دنیا میں اثرات نظر آرہے ہیں ۔اب عالم یہ ہے کہ ان کے وزرا ،وکیل اور یہ خود بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں ،گھبراہٹ میں سب لوگ ان کے بچوں سمیت تضاد پر مبنی بیانا ت دے رہے ہیں،ایک جھوٹ چھپانے کیلئے بار بار جھوٹ بولا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے وکیل نے بیان دیا گزشتہ 20سال سے یہ لوگ بیرون ملک کاروبار میں ہیں ،وزرا میڈیا ٹاک میں کہتے ہیں کہ شریف خاندان کا کاروبار نجی بنیادوںپرہے ، تو میرا ان سے سوال ہے کہ اگر یہ نجی کاروبارہے تو اس میں وزرا کا کیاکام ہے؟،اس کاپارٹی اور حکومت سے کیا تعلق ہے؟اور جب باری اسحاق ڈار کی صفائی پیش کرنے کی آتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے فلیٹس 2000ءمیں لئے اور بعد میں پتا چلا کہ انہوں نے یہ فلیٹ 2006میں لئے ہیں۔اس کے بعد انہوں نے عدالت میں قطری خط پیش کیاجو عدالت نے مسترد کر دیا جس کے بعد ان کے پاس کچھ بھی دکھانے کیلئے نہیں بچتا جبکہ آئی سی سی آئی کی ویب سائٹ پر موجود ہے کہ مریم نواز بینیفشل آنر ہیں لیکن شریف خاندان اس بات کو ماننے پر تیار ہی نہیں ۔یہ سب وزرا صرف قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں اور کیس کو التوا میں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کاد عویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے تمام دستاویزات ایف بی آربنا رہی ہے اور نیب ان کو بچا نے کیلئے جدوجہد کررہی ہے، لیکن پاکستان بدل چکا ہے میں پاکستان کو بدلتے دیکھ کرہا ہوں ، اس ملک میں طاقتور کا عدالت میں احتساب ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8،9ماہ سے پانامہ کیس کا ایشو چلا آرہا ہے اور آج ہم اس سٹیج پر آن پہنچے ہیں جہاں عدالت عظمیٰ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کاجو بہتر طریقہ سمجھے گی میں اس کیلئے تیار ہوں کیونکہ پانامہ کیس کے فیصلے سے ہی واضح طور پر پتہ چلے گا کہ پاکستان ایک عظیم ملک بنتا ہے یاں تباہی کی جانب جاتاہے،اس ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے عدلیہ ہی بچا سکتی ہے۔