شبنم کا تاج

کسی بادشاہ کی صرف ایک ہی بیٹی تھی ۔ وہ بہت ضدی تھی۔ ایک دن صبح وہ باغ میں ٹہلنے کے لئے گئی تو اس نے پھول پتیوں پر شبنم کے قطرے چمکتے ہوئے دیکھے۔ شبنم کے یہ قطرے ان ہیروں سے زیادہ چمک دار اور خوب صورت تھے جو شہزادی کے پاس تھے۔
شہزادی سیدھی محل میں واپس آئی اور بادشاہ سے کہنے لگی مجھے شبنم کا ایک تاج بنوا دیجئے۔ جب تک مجھے تاج نہیں ملے گا ،میں نہ کچھ کھائوں گی نہ پیوں گی۔ یہ کہہ کر شہزادی نے اپنا کمرہ بند کرلیا اور چادر اوڑھ کر پلنگ پر لیٹ گئی۔
بادشاہ جانتا تھا کہ شبنم کے قطروں سے تاج نہیں بنایا جاسکتا۔ پھر بھی اس نے شہزادی کی ضد پوری کرنے کے لئے شہر کے تمام سناروں کو بلا بھیجا اور ان سے کہا کہ تین دن کے اندر اندر شبنم کے قطروں کا تاج بنا کر پیش کرو ورنہ تمہیں سخت سزا دی جائے گی۔ بے چارے سنار حیران پریشان کہ شبنم کا تاج کس طرح بنائیں ۔
ان سناروں میں ایک بوڑھا سنار بہت عقل مند تھا۔ سوچتے سوچتے اس کے دماغ میں ایک ترکیب آئی۔ وہ دوسرے دن صبح کو محل کے دروازے پر گیا اور سپاہیوں سے کہا کہ وہ شہزادی کا تاج بنانے آیا ہے۔ سپاہی اسے شہزادی کے پاس لے گئے۔ بوڑھے سنار نے شہزادی کو جھک کر سلام کیا اور بولا ’’شہزادی حضور، میں آپ کا تاج بنانے کے لئے آیا ہوں۔ لیکن میری ایک چھوٹی سی درخواست ہے۔ ‘‘
’’کہو، کیا کہنا چاہتے ہو؟‘‘ شہزادی نے کہا ۔
سنار بولا’’ آپ باغ میں چل کر مجھے شبنم کے وہ قطرے دے دیجئے جن کا آپ تاج بنوانا چاہتی ہیں۔ جو قطرے آپ پسند کرکے مجھے دیں گی میں فوراً ان کا تاج بنا دوں گا۔‘‘
شہزادی خوشی خوشی سنار کے ساتھ باغ میں گئی۔ پھولوں اور پتوں پر شبنم کے قطرے جگمگا رہے تھے لیکن شہزادی نے جس قطرے کو بھی چھوا وہ اس کی انگلیوں پر پانی کی طرح بہہ گیا۔تب شہزادی نے کھسیانی ہوکر بوڑھے سنار سے معافی مانگی اور عہد کیاکہ وہ اب کبھی ایسی بے جاضد نہیں کرے گی۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.