دبئی:
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے دبئی کی جیلوں میں قید 30 پاکستانیوں کو رہا کروادیا۔
بوم بوم آفریدی گزشتہ 2 سالوں سے کرکٹ میں میدانوں میں تو شائقین کے دل نہ جیت سکے لیکن آف دی فیلڈ انہوں نے ایسا کارنامہ انجام دیا جس نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ شاہد آفریدی کرکٹ کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے فلاحی کاموں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں اور ایسا ہی کچھ انہوں نے دبئی کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے کیا، قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ’’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘‘ کے ذریعے 30 پاکستانیوں کی رہائی میں مدد کی جو دبئی میں مختلف کیسز میں زیر حراست تھے۔
شاہد آفریدی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر دبئی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس قابل تعریف عمل سے یہ پاکستانی ملک واپس جاکر ایک نئی زندگی کی شروعات کرسکیں گے جب کہ دبئی پولیس کے تعاون کے بغیر یہ کبھی ممکن نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ’’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘‘ کے پلیٹ فارم سے اس کام کو انجام دینے پر بہت خوش ہوں۔
واضح رہے بوم بوم آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کے تحت دہشت گردی سے متاثرہ علاقے خیبر ایجنسی میں اپنے نام سے اسٹیڈیم کا قیام عمل میں لاچکے ہیں جس کا افتتاح اُس وقت کے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کیا تھا جب کہ وہ اپنے والد کے نام سے کوہاٹ میں اسپتال بھی بنارہے ہیں۔