شاہد آفریدی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفیر مقرر

دبئی: 

آئی سی سی نے شاہد آفریدی اور دیگر 7 کرکٹ اسٹارز کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے سفیر مقرر کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نوجوان نسل کو اپنے کھیل سے متاثر کرنے اور چیمپئنز ٹرافی کی مقبولیت میں اضافہ کیلیے 8 سفیر مقرر کیے گئے ہیں۔ دیگر سفیروں میں بنگلہ دیش کے حبیب البشر، انگلینڈ کے آئن بیل، نیوزی لینڈ کے شین بونڈ، آسٹریلیا کے مائیک ہسی، ہندوستان کے ہربھجن سنگھ، سری لنکا کے کمارا سنگا کارا اور جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ شامل ہیں۔ ان تمام پلیئرز نے مجموعی طورپر 1774 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 48 سنچریوں کی مدد سے 51 ہزار 906 رنز کے ساتھ 838 وکٹیں حاصل کیں۔لیجنڈ پلیئرز انگلینڈ میں ٹرافی کی رونمائی کے دوران ساتھ ساتھ رہیں گے اور اسکول کے بچوں کو لیجنڈ پلیئرز سے ملنے اور کوچنگ کلینکس میں شرکت کا موقع ملے گا۔

آفریدی پاکستان کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی میں 13 میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 167 رنز بھی اسکور کیے ۔ بوم بوم آفریدی نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی ہوئی اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑیوں کے گروپ میں شمولیت میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کبھی جیت نہیں سکا، اس مرتبہ مشکل گروپ میں رکھا گیا ہے جس میں انڈیا، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گرین شرٹس کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنا ہو گا۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.