(گوادر(بی ایل ٰآئی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت محض باتوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، سی پیک سے پاکستان میں بے پناہ ترقی ہوگی اس سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، ترقی و خوشحالی کے منصوبوں سے گوادر مچھیروں کے ایک چھوٹے سے قصبہ سے بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بن جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گوادر میں گوادر بندر گاہ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ، اس حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک فعال جمہوریت ہے اور اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن الحمد للہ سی پیک پر پورا پاکستان متحد ہے۔ سی پیک مشترکہ خوشحالی کا وژن ہے اور یہ منصوبہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور چینی وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے، سی پیک دونوں ملکوں کی دوستی کو نئی جہت دے گا۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ زیراعظم نے کہا کہ آج میرے لئے انتہائی خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ میں اس تقریب میں موجود ہوں۔ گوادر میں ترقی کا ایک اور منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان بے مثال دوستی اور تعلقات کا ایک اور مظہر ہے، پاکستان اور چین کے درمیان 70 سال کی آزمودہ دوستی ہے اور گوادر کی ترقی پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اور دوستی کی مضبوط مثال ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال‘ وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز میر حاصل بزنجو، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، چینی سفارتکار یانگ ینگ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال خان، وزیر مملکت میری ٹائم افیئرز جعفر اقبال، کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ، چینی کنسٹرکشن کمپنی کے حکام اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔