سینیٹ کمیٹی میں ایک ہزار مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف

اسلام آباد: سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں فنانشنل مانیٹری یونٹ کے حکام نے ملک میں ایک ہزارسے زائد مشکوک ٹرانزیکشنز کا انکشاف کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت ہوا، جس میں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام کی جانب سے ایگمونٹ گروپ کی ممبرشپ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام نے بتایاکہ ملک میں ایک ہزار سے زائد مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیسز کونیب، اسٹیٹ بینک،ایف آئی اے ایف بی آر کوبھجوایا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کی ایگمونٹ گروپ (Egmont) میں ممبر شپ کے حوالے سے معاملے کاتفصیل سے جائزہ لیاگیا، ڈائریکٹر ایف ایم یونے کمیٹی کو بتایا کہ ایگمونٹ گروپ کے 156ممبران ہیں۔ پاکستان نے2012ء میں ممبرشپ کیلیے درخواست دی تھی۔ کچھ قانونی مسائل تھے جن کوحل کیا جارہا ہے،ممبرشپ کیلیے 2ممبرممالک اسپانسرکرتے ہیں۔ امریکا اور جاپان نے پاکستان کو اسپانسر کرنا ہے۔ ممبر شپ کیلیے دوبارہ درخواست دید ی گئی۔ اگلے سال تک ممبر شپ مل جائیگی۔جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگرکہیں مسائل کا سامنا ہے تو کمیٹی مدد کرنے کو تیار ہے۔

کمیٹی نے سینیٹرسراج الحق کے پرائیوٹ ممبربل برائے بلا سود قرض کاتفصیل سے جائزہ لیا،اراکین کمیٹی نے کہاکہ بل انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور آئین کی دفعات میں بھی بل میں درج سفارشات پر عملدرآمد کا ذکر ہے، سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے غریب عوام لوگ پرائیوٹ قرض پربھاری سود ادا کرتے ہیں اورہمارے مذہب میں بھی سود کو حرام قرار دیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اس بل کاتفصیل سے جائزہ لیکر ایک مہینے کے اندرتفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

سینٹ اجلاس میں سینیٹر ہدایت اللہ کے توجہ دلاؤ نوٹس برائے فاٹا میں 7500 نئی پوسٹوں کے حوالے سے معاملے کاتفصیل سے جائزہ لیاگیا، سیکریٹری خزانہ فاٹا سیکریٹریٹ نے کہاکہ 5540  نئی پوسٹوں کی سمری وزارت خزانہ کو بھیج دی گئی تھی، قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایس ای سی پی کے علاوہ دیگرریگولیٹری ادارے نیپرااوراوگراوغیرہ ٹیکس فنڈز جمع نہیں کرارہے۔

وزارت قانون کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بتایاکہ سی سی پی کے ایکٹ میں اگریہ چیزیں شامل ہیں تو ریگولیٹری ادارے جع کرانے کے پابند ہیں، چاہے ان کے رولز میں درج نہ بھی ہو۔ جس پرکمیٹی نے فیصلہ کیا کہ رپورٹ تیارکرکے سینیٹ میں پیش کرکے اختیار کی جائے گی اورتمام ریگولیٹری اداروں کو بھیج کرعملدرآمد کرایا جائے گا۔ اراکین کمیٹی نے رپورٹ اختیارکرنے کی منظوری بھی دے دی،علاوہ ازیں سینیٹ قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس ملتوی کردیاگیا اجلاس گزشتہ روز منعقد کیا جانا تھا تاہم اجلاس 13اکتوبرتک ملتوی کردیا گیا۔

About BLI News 3245 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.