سینیٹ الیکشن کے لئے جوڑ توڑ عروج پر، فاروق ستار نے مشاہد حسین کی حمایت کر دی
اسلام آباد: ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ نے سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر مشاہد حسین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کل 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئی ہے۔
ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر مشاہد حسین کو سپورٹ کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سینیٹ انتخابات میں مشاہد حسین کو اپنے ووٹ دیں گے اور ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے، جبکہ اسد جونیجو کے حوالے سے بھی آج ہی اجلاس میں فیصلہ کر لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشاہد حسین ہوں یا مشاہداللہ ہوں، یہ دونوں سیاسی کارکنان ہیں اور ان کے پاس سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ نہیں، بلکہ وہ آزاد حیثیت سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ ووٹوں سے اگر مشاہد حسین کامیاب ہوگئے تو ظاہر ہےان کو کوئی پارٹی بھی جوائن کرنا پڑے گی، ہوسکتا ہے وہ ایم کیو ایم ہی جوائن کرلیں۔