سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا:بلاول بھٹوزرداری
فائل فوٹو
اسلام آباد(فہیم صدیقی)پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر شدید تنقید کی ہے اور حکومتی 100 روزہ اقدامات کو مایوس کن قرار دیا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کا ہی اشتہار ترمیم کے بعد ٹوئٹ کیا جس میں لکھا تھا کہ ہم مصروف تھے یوٹرن لینے میں، نیا پاکستان، 100 دن اور 100 یوٹرن۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری کے مطابق وزیراعظم کا حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر خطاب غیرمتاثر کن تھا، سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا خواب دکھانے والے نے 100 روز میں سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کررکھ دی اور پہلے 100 دنوں میں عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیاہے۔
ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہیں، پولیس اور بیورکریسی میں سیاسی مداخلت نے تبدیلی کے دعویداروں کو بے نقاب کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کا مرکزومحور کشکول کو بنا دیا ہے، ان 100 دنوں میں صرف کمیٹیوں کے اوپر کمیٹیاں، پھر ان کے اوپر کمیٹیاں بنائی گئیں۔