سندھ گیمزکی تیاریاں مکمل، جلدحتمی تاریخ کااعلان ہوگا

کراچی (بی ایل ٰآئی )مارچ کے مہینہ میں متوقع سندھ گیمز کی تیاریاں بالکل مکمل ہیں اجلاس میں سندھ گیمز کی مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے صوبائی وزیر کھیل کو اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا تفصیلات کے مطابق اسکائوٹ ہیڈ کوارٹر کے آڈیٹوریم میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے سندھ گیمز کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی‘ محکمہ کھیل کے افسران‘ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن اور دیگر کھیلوں کی ایسو سی ایشنز کے نمائندوں پر مکمل بھروسہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ17ویں سندھ گیمز کو نہایت شفافیت اور ایمانداری کے ساتھ شایان شان طریقے سے انعقاد کرکے اس ایونٹ کو تاریخی بنادیں گے۔ قبل ازیں سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا کہ سندھ گیمز کے حوالے سے گردش کرنے والی ہر جھوٹی افواہ آج دم توڑ دے گی کیونکہ صوبائی وزیر کھیل کی ہدایت کے مطابق ہم نے سندھ گیمز کی مکمل تیاریاں کرلی ہیں کیونکہ گیمز کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ نے کرنا ہے اس لئے وزیر کھیل ایک دو دن میں وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرکے ان کی دستیابی کنفرم کریں گے اور اگلے اجلاس میں سندھ گیمز کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سیکریٹری اسپورٹس نے بتایا کہ ایونٹ میں30 مردوں اور16 مخترلف کھیل خواتین کے لئے ہیں اور یہ گیمز کراچی کے15 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔ اجلاس میں پرچیز کمیٹی کے شہزاد پرویز بھٹی اور نجم شیخ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن محمد فاروق خان‘ مارکیٹنگ کمیٹی کے چیئرمین محمود مولوی‘ وائس چیئرمین ایاز موتی والا کے علاوہ وسیم ہاشمی اور اولمپیئن اصلاح الدین نے سندھ گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر سندھ اولمپک کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور نائب صدر انجینئر محفوظ الحق‘ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی‘ چیف انجینئر اسلم مہر سمیت مختلف ایسو سی ایشنز کے نمائندے اور میڈیا کمیٹی کے چیئرمین آصف عظیم‘ سیکریٹری حامد علی خان‘ پی آر او سلیم عارف بھی موجود تھے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.