سندھ حکومت کے بروقت فیصلے ملک کے مفاد میں تھے، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے بروقت فیصلے ملک کے مفاد میں تھے، مرتضیٰ وہاب

کراچی(عبدالستار مندرہ)ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پہلے کیس سے اب تک سندھ حکومت متحرک رہی ہے، 26 فروری سے اب تک ملنے والی پذیرائی پرمخالفین ناراض ہوئے، سندھ حکومت کے بر وقت فیصلے ملک کے مفاد میں تھے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں 85 سے 90 فیصد ٹیسٹ کے اخراجات سندھ حکومت اٹھا رہی ہے، ایئرپورٹ پر 64 ہزار 52 افراد کی ٹیسٹنگ کی گئی جبکہ ایران بارڈر سے آنے والے زائرین کو وفاقی حکومت نے بارڈر پر رکھا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تافتان بارڈر پر سندھ کے رہائشی زائرین کو آئسولیٹ کیا گیا، 13 سو 88 زائرین کو آئسولیشن میں رکھا گیا جو اپنے گھروں کو گئے اور 280 زائرین جن کا ٹیسٹ دوبارہ نیگیٹو آیا تب انہیں گھرجانے کی اجازت دی گئی، گیارہ سو تراسی زائرین کو آئسولیشن میں رکھا گیا تو وہ شروع میں ناراض ہوئے بعد میں اقدامات کو سراہا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے تمام شہروں میں موجود لیبر کالونیوں کو قرنطینہ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26 فروری کو سندھ میں یومیہ 80 ٹیسٹ ہو رہے تھے، ہم نے ٹیسٹنگ کی گنجائش رفتہ رفتہ بڑھائی اور اب روزانہ 4800 ٹیسٹ کر سکتے ہیں، 13 لیبارٹریز میں ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ ہم اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت مزید بڑھانے جا رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی یونیورسٹی میں یومیہ آٹھ سو ٹیسٹ ہو رہے ہیں، یہ تعداد تین گنا بڑھائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے مزید 163 وینٹی لیٹر آرڈر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 100 وینٹی لیٹرز کا آرڈر کر دیا گیا ہے، 36 اس ماہ مل جائیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ ساری باتیں اس لیے کر رہا ہوں کے سندھ حکومت کا بیانیہ سامنے رکھ سکوں۔

مرتضیٰ وہاب اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فرقان کے خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، وزیر اعلیٰ نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہوا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پریشان ہیں وہ جائیں کہاں، محکمہ صحت کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، سندھ حکومت کا عملہ آئے گا اور خود ٹیسٹ لے گا ۔

مرتضیٰ وہاب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایس آئی یو ٹی، لیاری جنرل، جناح ، انڈس، ضیاءالدین اسپتال، گڈاپ، دنبہ گوٹھ، عباسی اسپتال میں آئسولیشن کی سہولت موجود ہے جبکہ ایکسپو میں آئسولیشن کی سہولت بنائی گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سندھ مراد علی شاہ نے سندھ بھر کے ہر ضلع میں ڈی سی کو ہدایت کی ہیں کہ جہاں آئسولیشن سینٹر کے لیے مناسب جگہ ہو بتایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سو بستروں پر مشتمل حیدرآباد میں آئسولیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے، شکر ہے حیدرآباد سے اتنے کیسز سامنے نہیں آئے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں پر بات کرکے عوام کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا، بیان بازی سے ایشو دب گئے ہیں، وفاق نے جو مدد کی ہےاس کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کے ساتھ موجود ہے، ایمرجنسی فنڈ قائم کیا گیا ہےعوام اس میں 35 کروڑ جمع کراچکے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی ہے، اولین ترجیح اس وقت صرف صحت ہے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.