کراچی(فہیم صدیقی)
سندھ حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 10 ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔
وفاقی حکومت کے بعد اب سندھ حکومت نے بھی اپنا گھر اسکیم شروع کا تہیہ کرلیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 10 ہزار مکانات تعمیر کرکے بے گھروں کو مفت گھر فراہم کئے جائیں گے۔
سندھ حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 10 ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے، جو قرعہ اندازی کے ذریعے مفت دیئے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں بھی 10 ہزار گھر دیئے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی نواب وسان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور انہیں بے نظیر ہاؤسنگ سیل کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا، نواب وسان نے بتایا کہ خیرپورمیں بے نظیر ہاؤسنگ سیل کے تحت کم تنخواہ دار افراد کو 2 ہزار پلاٹ مفت دئیے جائیں گے، اس کے علاوہ لاڑکانہ، نوابشاہ اور حیدرآباد میں بھی بے نظیر ہاؤسنگ منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، جب کہ کراچی میں بے نظیر فلیٹ پراجیکٹ اور مفت پلاٹ اسکیم بھی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
نواب وسان کو ترقیاتی اسکیمز کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بہتر طرز حکمرانی سے عوام کی خدمت کرے گی، ہماری حکومت گرانے والے خواب ہی دیکھتے رہ جائیں گے، عوامی حکومت کو ختم کرنے والےخود ناکام ہوں گے، جن کے پاس چوری کا مینڈیٹ وہ دوسروں پر انگلیاں اٹھارہے ہیں۔