“سندھ تھیٹر فیسٹیول”

کراچی(عبدالستار مندرہ) محکمہ ثقافت حکومت سندھ کے تعاون سے آرٹس کونسل آف پاکستان میں جاری “سندھ تھیٹر فیسٹیول” کے پانچویں روز سندھی ڈرامہ “موکھیءمتارا” پیش کیا گیا۔ ڈرامہ سندھ کی ایک قدیم کہانی کی بنیاد پر ہدایت کار رفیق احسانی نے ترتیب دیا جبکہ تحریر گلزار حیدر نے کی تھی۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی موکی ہیں جو دراصل شراب خانہ کے مالک ہیں اور ان کی شراب دور دور تک مشہور ہے۔ اس علاقے میں تاجر اور امیر لوگ صرف ان کی شراب پینے کی وجہ سے آتے ہیں جو کہ متارا کہلاتے ہیں۔ ایک دفعہ ان کے ہاں دور دراز علاقے سے چند مالدار تاجر شراب پینے آتے ہیں انہیں موکی کی شراب بہت پسند آتی ہے۔اتفاقاً وہ دوسری دفعہ پھر اس کے پاس شراب پینے آتے ہیں لیکن اب کی بار اس کے پاس پرانی شراب نہیں بچی ہوتی ۔ اسے یاد آتا ہے کہ پرانی شراب کا ایک مٹکا پڑا ہوا ہے اور وہ اس کو کھولتی ہے تو اس میں ایک ناگ سانپ مرا ہوتا ہے جس کا زہر اور جسم شراب میں تحلیل ہو چکا ہوتا ہے صرف اس کا ڈھانچہ بچا ہوتا ہے۔ بہت سوچ بچار کے بعد وہ انہیں وہ شراب پلا دیتی ہیں اور وہ چلے جاتے ہیں۔ایک سال بعد وہ دوبارہ اس کے پاس آتے ہیں اور اسی شراب کا مطالبہ کرتے ہیں جو وہ پچھلے سال پی چکے ہوتے ہیں۔ وہ انہیں بہتر سے بہتر شراب پلانے کی کوشش کرتی ہے مگر وہ انہیں پسند نہیں آتی ہے اور وہ دوبارہ اسی شراب کا مطالبہ کرتے ہیں نتیجتاً وہ انہیں پھر وہی شراب پیش کرتی ہے مگر ہمت کر کے بتا دیتی ہے کہ یہ شراب زہر ملی ہے۔ زہر کا نام سن کر ان کے حلق خشک ہو جاتے ہیں وہ وہیں ڈھیر ہو جاتے ہیں۔کہانی میں سامعین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کے لیے حسب ضرورت مزاح بھی شامل کیا گیا ہے۔ہال میں موجود سامعین نے اداکاروں کو بھر پور داد دی۔اٹھارہ روزہ سندھ تھیٹر فیسٹیول ۱ٹھارہ نومبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا جس میں اردو اور سندھی کے بیس ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.