کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں جمعہ کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ایوان کا ماحول خوشگوار رہا ۔ ایم کیو ایم کے رکن رؤف صدیقی سے شعر کی فرمائش ،وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی نے ایم کیو ایم کے رکن دیوان چند چاولہ سے پوچھا کہ آپ کی گاڑی میں گیس سلنڈر سیٹ کے نیچے ہے یا پیچھے لگا ہوا ہے ۔ دیوان چند چاولہ نے کہا کہ میرے پاس تو کوئی گاڑی نہیں ، جس میں سلنڈر لگواؤں ۔ البتہ میں نے ایسی گاڑی میں سفر ضرور کیا ہے ، جس کی سیٹ کے نیچے سلنڈر لگا ہوا تھا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ان سے پوچھا کہ وہ کون سی گاڑی ہے ۔ ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ اسپیکر نے ایم کیو ایم کے رکن رؤف صدیقی سے کہا کہ آپ نے بڑے عرصے سے شعر نہیں سنایا ۔ اب تو آپ جیل میں نہیں ہیں ۔ اس لیے کوئی نیا شعر سنا دیں ۔ رؤف صدیقی نے کہا کہ میں ایک شعر ناصر حسین شاہ کی معصومیت کی نذر کرتا ہوں۔ اس طرح انہوں نے شعر سنایا ۔ رؤف صدیقی نے ایک ضمنی سوال پر کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے بج رہے ہوتے ہیں ، جو کچھ لوگوں کو ناگوار گزرتے ہیں ۔ انہوں نے ایک پنجابی گانے کے الفاظ دہرائے ’’ اکھ لڑی بدوبدی ، موقع ملے کدی کدی ، کل نئیں کسے نے ویکھی ، مزہ لئیے آج دا ‘‘ ۔ اس پر ایوان میں زبردست قہقہہ لگا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے بجانے پر پابندی عائد کی جائے گی ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو نے ضمنی سوال کیا کہ کراچی میں کافی عرصے سے نئی بسیں چلانے کا سوچ رہے ہیں ۔ یہ بسیں کب چلیں گی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ دسمبر میں یہ بسیں چلا دی جائیں گی ۔ اس سوال پر کہ کیا پبلک ٹرانسپورٹ کو کوئی سبسڈی دی جاتی ہے تو وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ گاڑیاں چل رہی ہیں ، یہ ان کے لیے سبسڈی ہے ۔
About BLI News
3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.