سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی

کولمبو

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی جس کے بعد سری لنکن ٹیم لاہور میں پاکستان کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی لینڈرز 28 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے جبکہ دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان  17 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو شیڈول ہے تاہم اس کے لاہور میں انعقاد کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے۔

 

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حوالے سے سری لنکن حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور خودمختار سیکیورٹی ماہرین سے رابطے جاری تھے اور صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا تھا۔ اب بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے باہمی طور پر مرتب کی جانے والی رپورٹس اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے لیے 17 اکتوبر تک 22 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ 20 اکتوبر کو 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلانگا سوماتھیپالا بھی ٹیم کے ہمراہ لاہور آئیں گے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلانگا سوماتھیپالا نے اس تاریخی موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس میچ سے پاکستان میں اںٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل واپسی ہوجائے گی۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے بھی نیوزی لینڈ سے وطن واپسی کے بعد اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آنے پر نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم تیسرا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پاکستان آ رہی ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اگلے ماہ دورے پر آئے گی۔

نیوزی لینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے موقع پر  نجم سیٹھی سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کی ملاقات ہوئی جنہوں نے لاہور میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی اور اب سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سری لنکن کرکٹرز نے دورہ پاکستان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم سری لنکن کرکٹ بورڈ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ سری لنکا کی بہترین ٹیم پاکستان بھیجی جائے گی۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.