کولمبو : سری لنکا میں سیلاب، مون سون بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے 91 افراد ہلاک اور 110 لاپتہ ہوگئے۔
سری لنکن حکام کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشیں ہوئیں، سری لنکن ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی، جنوبی اور مغربی علاقوں سے 20 ہزار لوگوں کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات منتقل کردیا گیا۔
ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے ڈپٹی وزیر ڈیونیش گن کاندا نے کولمبو میں صحافیوں کو بتایا کہ کچھ دور دراز علاقے جہاں ہم نہیں پہنچ سکے ہیں لیکن وہاں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زیادہ اموات پہاڑوں سے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا حالیہ سلسلہ تھم جائے گا لیکن چند دنوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، اس لئے ہزاروں لوگوں کیلئے انخلاء کے احکامات جاری کئے ہیں، لوگوں کی مدد کیلئے ایئرفورس اور فوج کے ہزاروں جوانوں کو امدادی کارروائیوں کیلئے تعینات کردیا گیا ہے۔
سری لنکا کی حکومت نے بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور ہمسایہ ممالک سے مدد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ مئی 2003ء کے سیلاب میں سری لنکا میں 250 افراد ہلاک اور 10 ہزار کے قریب گھر تباہ ہوئے تھے۔